مقبوضہ بیت المقدس میں مقامی ذرائع کا کہنا ہے کہ پیر کی صبح 130 انتہا پسند یہودیوں نے مراکشی دروازے کی سمت سے مسجد اقصی کے صحن پر قابض صہیونی پولیس کی معیت میں حملہ کیا۔
مسجد اقصی کے ایک چوکیدار نے بتایا کہ مراکشی دروازے سے حملہ آوروں کے پانچ گروہ قبلہ اول کی حدود میں داخل ہوئے۔ ہرگروپ کی قیادت سرکردہ مذہبی رہ نما کر رہے تھے۔
عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ انتہا پسند یہودیوں نے مسجد اقصی کے صحن اور نماز کی جگہ مارچ کیا۔ مسجد کے گارڈز یہودیوں کو دور سے دیکھتے رہے۔ انہوں نے اسرائیلی پولیس کی طرف سے کارروائی کے ڈر سے کوئی پیش قدمی نہیں کی۔ ایسے مواقع پر سرگرمی دکھانے والے گارڈز کو ملازمت سے الگ کر دیا جاتا ہے۔
اسرائیلی پولیس اور صہیونی رینجر نے ایک روز قبل مسجد اقصی پر حملہ کیا۔ حملہ آور گروپ کے چند افراد جامعہ مسجد قبلی کی چھت پر چڑھ گئے اور انہوں نے وہاں لہرایا جانے والا فلسطینی رچم اتار دیا۔ نیز قومی اور اسلامی جماعتوں کی جانب سے فلسطینیوں کو عید کی مبارکباد پر مشتمل تہنیتی بینرز بھی اتار دیئے گئے۔