اسرائیلی فوج کی جانب سے عید کے تیسرے روز غزہ کی پٹی کے شمالی شہر بیت حانون پر بڑے پیمانے پر بمباری کی گئی جس میں دادا اور پوتے سمیت تین فلسطینی جام شہادت نوش کر گئے۔ پچھلے چند روز میں صہیونی فوج اس علاقے کے کسانوں پر متعدد حملے کرچکی ہے۔ ملٹری میڈیکل سروسز کے میڈیا کوآرڈینیٹر ادھم ابو سلمیہ نے ’’مرکز اطلاعات فلسطین‘‘ کے نمائندے کو اسرائیلی جارحیت کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ اسرائیلی فوج نے بیت حانون کے مشرقی علاقے آل شراب پر بمباری کی جس میں 91 سالہ بزرگ ابراہیم عبد اللہ ابواسعد اور ان کا پوتا 17 سالہ حسام خالد ابو اسعد اور ولید ابو عودہ نامی 21 سالہ فلسطینی شہری جام شہادت نوش کر گئے۔ میڈیکل عملے نے بتایا کہ دو شہیدوں کو ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے جبکہ بمباری میں کسی کے زخمی ہونے کی اطلاعات موصول نہیں ہوئیں۔ دوسری جانب اسرائیلی فوج نے اعلان کیا ہے کہ آج صبح غزہ کی پٹی سے ضلع نقب پر دو راکٹ فائر کیے گئے تھے جس میں کوئی جانی یا مالی نقصان نہیں ہوا۔