مغربی کنارے کے شمال مغربی دیہی علاقوں کی بلدیہ کی میئر فتحیہ ریماوی نے کہا ہے کہ قابض اسرائیل کی جانب سے ایک ماہ سے پینے کے صاف پانی سے محروم کر دیا گیا ہے جس کے باعث مختلف دیہاتوں میں پینے کا پانی دستیاب نہیں اور شہریوں کو شدید دشواریوں کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
ایک پریس بیان میں ریماوی نے کہا کہ مغربی کنارے کے شمال مغرب کے مختلف دیہاتوں جن کی آبادی 12 ہزار سے زائد کو ایک ماہ سے پانی میسر نہیں، لوگ منرل واٹر خریدنے پرمجبور ہیں۔
انہوں نے کہا کہ رام اللہ کے قریبی علاقوں بیت ریما، دیرغسانہ، کفر عین، قراوہ، بنی زید، نبی صالح سمیت کئی دیگر بستیوں میں پینے کے پانی کا بحران ہے۔
میئر بلدیہ نے کہا کہ ایک ماہ قبل اسرائیل کی ایک پانی فراہم کرنے والی”مکروٹ” نامی کمپنی کام کررہی تھی تاہم اب اس نے بھی شہریوں کو پانی کی فراہمی کا سلسلہ رو ک دیا ہے۔ مختلف علاقوں میں پانی کی پائپ لائنوں میں کو پانی فراہمی معطل کردی گئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ اسرائیلی حکومت کی جانب سے پانی کی فراہمی روکے جانے سے نہ صرف انسانی زندگی بری طرح متاثر ہوئی ہے بلکہ مویشیوں کے لیے بھی مسائل بڑھ گئے ہیں اورکھیتوں میں فصلوں کو بھی شدید نقصان پہنچا ہے۔