مقبوضہ فلسطین سے ملنے والی اطلاعات میں بتایا گیا ہے کہ مغربی کنارے میں “فتح” کے زیر کمان سیکیورٹی اداروں کو علاقے میں حماس کی قیادت اور کارکنوں کے خلاف کارروائیاں تیز کرنے پراس بہانے اکسایا جا رہا ہے کہ حماس، فتح کو مغربی کنارے میں نشانہ بنا سکتی ہے۔ فتح کے ترجمان احمد عساف نے ایک بیان میں کہا ہے کہ حماس مغربی کنارے میں فتنہ پرداز کارروائیوں کی کوشش کرسکتی ہے۔ احمد عساف کے اس بیان سے دس روز قبل عباس ملیشیا علاقے سے پہلے ہی حماس کے تقریبا 750 حامیوں اور رہ نماوں کو حراست میں لے چکی ہے۔ عساف نے مزید کہا کہ اسلامی تحریک مزاحمت ۔ حماس کی جانب سے فتح سیکیورٹی فورسز پر حملوں کی دھمکیاں اس بات کا پتہ دے رہی ہیں کہ حماس غزہ کی پٹی میں شروع کیے گئے اپنے منصوبے کی تکمیل چاہتی ہے۔ عساف کے بہ قول حماس کی بھرپور کوشش ہے کہ فلسطینی اتھارٹی اور “فتح” کو نشانہ بنانے کے لیے مغربی کنارے میں اپنے سیل قائم کیے جائیں۔ بیان میں فتح کے ترجمان نے عباس ملیشیا سے مطالبہ کیا کہ وہ حماس کی جانب سے برپا کیے جانے والے فتنہ انگیز انقلاب کو جڑ سے اکھاڑ پھینکے اور اسے فلسطینی قومی منصوبوں کو تباہ کرنے سے روکے۔