اسرائیل امت مسلمہ کو تقسیم کرنا چاہتا ہے اور سرزمین پاکستان پر فرقہ وارانہ فسادات کروا کر فلسطین کاز کو نقصان پہنچانے کی سازش میں ملوث ہے،کوئٹہ میں یوم القدس ریلی میں دہشت گردانہ کاروائی میں صہیونی ایجنٹ ملوث ہیں۔ان خیالات کا اظہار فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان کے مرکزی ترجمان صابر کربلائی نے فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان کی جنرل باڈی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوںنے کہا کہ کوئٹہ میں جمعۃ الوداع یوم القدس کے موقع پر فلسطینی عوام سے یکجہتی اور قبلہ اول بیت المقدس کی جد وجہد آزادی کے سلسلہ میں نکالی گئی ریلی پر صہیونی غاصبوں نے دہشت گردانہ حملہ کر کے غزہ اور مغبربی کنارے میں ڈھائے جانے والے غاصب صہیونیوں کے مظالم کی یاد تا زہ کر دی۔
فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان کے مرکزی ترجمان صابر کربلائی کا کہنا تھا کہ فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان شہدائے یوم القدس (کوئٹہ)کے ورثاء سے بھرپور ہمدردی اور یکجہتی کا اظہار کرتی ہے اور غم کے اس موقع پر شہداء اور ذخمیوں کے لواحقین کے ساتھ ہے،ان کاکہنا تھا کہ غاصب صہیونی ریاست اسرائیل کا بنیادی ترین مقصد صرف اور صرف یہ ہے کہ کسی نہ کسی طرح سرزمین پاکستان پر مسلمانوں میں تفریق پیدا کر دی جائے اور اتحاد کے محور یوم القدس کو سبوتاژ کیا جائے ،انہوں نے مزید کہا کہ غاصب اسرائیلی ریاست کے ناپاک عزائم میں یہ بات بھی شامل نظر آتی ہے کہ مملکت خداد اد پاکستان میں فرقہ وارانہ تقسیم پیدا کر دیجائے اور امت مسلمہ کو آپس میں دست وگریباں کروایا جائے تاہم ان کاکہنا تھا کہ امت مسلمہ بیت المقدس کے محور پر متحد ہے اور فلسطینی عوام سے اظہار یکجہتی کو اپنا شرعی اور اخلاقی فریضہ سمجھتے ہوئے اس سے کوتاہی نہیںکر سکتی ۔ان کاکہنا تھاکہ پوری مسلم دنیا کو چاہئیے کہ اپنے آپ کو اسرائیلی تقسیم کی سازشوں سے بچاتے ہوئے فلسطینی عوام سے اپنا رشتہ مضبوط رکھیں اور قبلہ اول بیت المقدس کی جد وجہد میں مصروف عمل رہیں ۔
اس موقع پر انہوں نے مزید کہا کہ غاصب صہیونی ریاست کے ناپاک عزائم صرف مشرق وسطیٰ تک ہی محدود نہیں ہیں بلکہ صہیونی چاہتے ہیں کہ پاکستان کو عدم استحکام کا شکار کیا جائے اور کوئٹہ دھماکہ اسی ساش کا ایک حصہ ہے،ان کاکہنا تھاکہ امریکا اور اس کی ناجائز اولاد اسرائیل پوری مسلم دنیا کو تقسیم کرنے اور لڑوانے کی گھناؤنی سازشیں تیار کر رہے ہیں جس طرح کے انہوںنے ماضی میں کیا،لہذٰا پوری مسلم دنیا صہیونی سازشوں سے ہوشیار رہے اور فلسطین کاز کے لئے عملی جد وجہد کرے تا کہ مسلمانوں کے اتحاد کے مرکز قبلہ اول بیت المقدس کو صہیونی غاصب قبضہ سے آزادکروایا جائے۔
فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان کے مرکزی ترجمان کا کہنا تھاکہ فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان صہیونی سازشوں کو سرزمین پاکستان پر کامیاب نہیں ہونے دے گی اور پاکستان میں اتحاد اور یکجہتی کو پارہ پارہ کرنے کی اسرائیلی گھناؤنی سازشوںکو ناکام بنائے گی،اس موقع پر شہدائے یوم القدس کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے شہدائے یوم القدس کے لئے دعا کی گئی ۔