فلسطینی مجلس قانون ساز کے قائم مقام اسپیکر ڈاکٹر احمد بحر نے کہا ہے کہ مسئلہ فلسطین پوری عرب قوم اور مسلم امہ کا اجتماعی معاملہ ہے اور اس کی مدد اور نصرت تمام مسلمانوں پر واجب ہے. ان خیالات کا اظہار انہوں نے الجزائری علماء اور دیگر شخصیات کی فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی کی خاطرغزہ آمد پر ان کے استقبال کے موقع پر کیا. ڈاکٹر احمد بحر کا کہنا تھا کہ اسرائیل اور اس کے حواری مسئلہ فلسطین کو صرف فلسطینیوں تک محدود رکھنا چاہتے ہیں، لیکن یہ مسئلہ صرف فلسطینیوں کا نہیں بلکہ مسلم امہ اور عرب قوم کا اجتماعی مسئلہ ہے. لہٰذا اس کی مدد اور نصرت بھی تمام مسلمانوں پر واجب ہے. انہوں نے مزید کہا کہ مسئلہ فلسطین درحقیقت القدس، فلسطینی اسیران، زخمیوں، شہداء ، گھروں سے بےگھر کیے فلسطینیوں، پناہ گزینوں اور معاشی ناکہ بندی کا شکار غزہ کے شہریوں کا مسئلہ ہے.فلسطینی عوام اسرائیل کی تمام تر ظالمانہ پالیسیوں کے باجود غاصب کے سامنے سینہ سپر ہیں ہیں۔ مکمل آزادی تک وہ اسی جرات کے ساتھ دشمن کے سامنے کھڑے رہیں گے. فلسطینی ڈپٹی اسپیکر نے الجزائری وفد کی آمد اور فلسطینیوں سے ان کے اظہار یکجہتی کا شکریہ ادا کیا. احمد بحر کا کہنا تھا کہ فلسطین اور مسئلہ فلسطین الجزائری اور فلسطینی عوام کو ایک نقطے پر جمع کر دیتا ہے. برادر ملک الجزائر کے عوام اور حکومت نے ہرقسم کے مشکل حالات میں فلسطینیوں کی مدد کو یقینی بنایا ہے. اس دوران فلسطینی مجلس قانون سازکے ڈپٹی اسپیکر کا کہنا تھا کہ اسرائیل اور فلسطینی اتھارٹی نے مل کر فلسطینی قانون ساز کونسل کی کارروائی کو معطل کر دیا ہے. اسرائیل نے مغربی کنارے سے فلسطینی مجلس قانون ساز کے کئی ارکان کو گرفتار کر کے جیلوں میں ڈال رکھا ہے جبکہ قانون ساز کونسل کی کارروائی روکنے کے لیے فتح اتھارٹی اپنی من مانی کر رہی ہے.