ترک وزیر خارجہ احمد داود اوگلو نے کہا ہے کہ وہ مقبوضہ بیت المقدس میں فلسطینیوں کے خلاف اسرائیل حکومت کی غاصبانہ کارروائیوں پر کڑی نطر رکھے ہوئے ہیں۔ احمد داود اوگلو نے کہا کہ مسجد اقصی کے محاصرے کے خلاف اسرائیل کو وارننگ پر مبنی خط ارسال کر دیا گیا ہے- انہوں نے اسرائیل قابض پولیس کے فلسطینیوں سے ناروا سلوک پر شدید تنقید کرتے ہوئے بتایا کہ مقبوضہ بیت المقدس میں ترکی کے قونصل جنرل نے اصل صورتحال معلوم کرنے کیلئے مسجد اقصی کی نگہداشت و حفاظت کے ذمہ دار فلسطینی حکام سے ملاقات کی ہے- انہوں نے صیہونی ریاست سے مسجد اقصی کے احترام کا مطالبہ کرتے ہوئے واضح کیا کہ یہودی یہ نہ بھولیں مسجد اقصی نہ صرف دنیا بھر کے مسلمانوں بلکہ مسیحیوں کے بھی دلوں کی دھڑکن ہے- انہوں نے اپنے اس موقف کو دہرایا کہ ترکی کی مشرقی مقبوضہ بیت المقدس اور مسجد اقصی کو فلسطینی علاقوں کا ناگزیر حصہ تصور کرتا ہے اور مسئلہ فلسطین کے تناظر میں اپنے اصولی موقف پر قائم ہے-