انتہاء پسند یہودیوں کے ایک گروپ نے کھیتوں پر کام کرنے والے فلسطینیوں پر حملہ کردیا اور کام کے دوران تین فلسطینی نوجوانوں پر فائرنگ کردی، نابلس کے جنوبی علاقے دیر استیا میں کھیتوں میں کام کرنے والے کسانوں پر 10 افراد نے دھاوا بولا۔
دیر استیا کے میئر نے کہا کہ رات سات بج کر چالیس منٹ پر حملہ کیا گیا، جس میں 18 سالہ شرف داؤد، 18 سالہ عدی عزام عبید اور 17 سالہ محمد عاید قیسی پر فائرنگ کی گئی، یہ لوگ شہر کے شمالی علاقے میں زرعی اراضی پر زیتون کے درخت لگا رہے تھے کہ یہودیوں کا گروہ آیا اور اس نے ان پر فائر کھول دیے۔
شہر کے میئر نے کہا کہ یہ علاقہ جیل ذیب کے علاقے میں دیر استیا کی اراضی پر یہودی بستی ’’عمانوئیل‘‘ کے قریب واقع ہے۔ یہاں پر انتہاء پسند یہودیوں کے حملے آئے روز کا معمول بن چکے ہیں، دیر استیا، وادی قانا، اور شحادہ کے علاقوں میں فلسطینی کسانوں کی زمینیں ہمیشہ یہودی حملہ آوروں کی زد میں رہتی ہیں۔