اسلامک جہاد کے سیکرٹری جنرل رمضان شلح نے گولڈ سٹون رپورٹ سے دستبرداری کو محمود عباس کی سیاسی خودکشی قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ فلسطینی انتظامیہ نے ایسا کرکے قومی مصالحت کے لئے مصر میں ہونے والی کوششوں پر پانی پھیر دیا ہے- رمضان شلح نے الجزیرہ ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ گولڈسٹون رپورٹ پر ووٹنگ میں تاخیر سے فلسطینی انتظامیہ کے گناہوں کی فہرست میں ایک اور گناہ کا اضافہ ہوگیا ہے- انہوں نے کہا کہ فلسطینی انتظامیہ اسرائیل کے ہاتھوں یرغمال بن چکی ہے مگر اپنی واضح ناکامی کے باوجود یہ لوگ ہٹ دھرمی کا مظاہرہ کررہے ہیں- انہوں نے کہا کہ قومی مصالحت کی کوششیں ناکام ہونے کی ذمہ داری حماس یا اسلامک جہاد نہیں بلکہ محمود عباس پر عائد ہوتی ہے اور آج فلسطین کے ساتھ جو کچھ بھی ہورہا ہے وہ انتخابی نتائج تسلیم نہ کرنے کا خمیازہ ہے- علاوہ ازیں اسلامک جہاد کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل زیاد نخالہ نے اسلامک ریڈیو اور ٹیلی ویژن کے زیراہتمام ایک کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے فلسطینی اتھارٹی کے اس اقدام کی شدید مذمت کی- انہوں نے کہا کہ نہ صرف فلسطین بلکہ عرب اور مسلم ممالک کی تاریخ میں ایسے شرمناک اقدام کی کوئی مثال نہیں ملتی- انہوں نے کہا کہ فلسطینی اتھارٹی نے اپنے اس غیرذمہ دارانہ اقدام سے نہ صرف مظلوموں کو ظالم کے خلاف قانونی چارہ جوئی کے حق سے محروم کردیا بلکہ اسرائیل کے ہاتھوں فلسطینیوں کا خون دھو ڈالا- انہوں نے آزادی کے حصول کے لئے فلسطینی عوام کی جدوجہد کے حمایتی صحافیوں کو متحرک کرنے کی ضرورت پر زور دیا تا کہ فلسطینیوں کی مشکلات کم کی جا سکیں-