حزب اللہ لبنان نے ایران کی جانب سے فلسطین اور لبنان کی استقامت کی حمایت کۓ جانے کو یورپ خصوصا امریکہ کی ایران دشمنی کی اصل وجہ قرار دیا ہے ۔ حزب اللہ لبنان کی مرکزی کونسل کے رکن شیخ محمد یزبک نے ہمارے نمائندے سے گفتگو کے دوران یورپ کی جانب سے ایران پرڈالے جانے والے دباؤ اور ایران کے پرامن ایٹمی پروگرام کو خطرہ ظاہر کۓ جانے کی جانب اشارہ کرتے ہوۓ کہا ہے کہ اس دباؤ اور دشمنی کی وجہ یہ ہے کہ ایران فلسطین اور لبنان کی استقامت کی حمایت کرتا ہے اور تہران قابض صیہونی حکومت کا دشمن ہے ۔ شیخ محمد یزبک نے مزید کہا کہ صیہونی حکومت مشرق وسطی میں چین اور سکون کے ساتھ اپنے آپ کو باقی نہیں رکھ سکتی ہے کیونکہ فلسطین کے کئي ملین افراد ، جن کی سرزمین اور جائیداد پر غاصب حکومت نے قبضہ کر رکھا ہے ، بدستور اپنی آبائي زمین میں واپس پلٹنے کی منتظر ہیں۔