غزہ میں اسماعیل ھنیہ کی فلسطینی حکومت نے لیبیا سے رجوع کیا ہے کہ وہ غزہ میں اسرائیل کے جنگی جرائم سے متعلق گولڈسٹون رپورٹ کو اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں تیسری کمیٹی کو پیش کرے جو سماجی‘ انسانی اور ثقافتی معاملات سے متعلق ہے- حکومتی ترجمان طاہر النونو نے گزشتہ روز پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ جنرل اسمبلی کی اس کمیٹی میں رپورٹ پر سماعت جسٹس رچرڈ گولڈ سٹون کی موجودگی میں ہونی چاہیے جنہوں نے یہ رپورٹ تیار کی ہے انہوں نے لیبیا کے وزیر خارجہ سے مطالبہ کیا کہ وہ جنرل اسمبلی کے صدر سے یہ رپورٹ عالمی عدالت مجرمان میں بھجوانے کیلئے کہیں- انہوں نے کہا کہ اس قرارداد پر ووٹنگ ملتوی ہونے سے اسرائیل کو جنگی جرائم کے باعث عدالتی کارروائی سے بچا لیا گیا ہے- انہوں نے کہا کہ محمودعباس جن کے عہدے کی مدت ختم ہو چکی ہے‘ انہوں نے اپنے اس اقدام سے فلسطینیوں کو صدمہ پہنچا کر اسرائیل کو خوش کر دیا ہے- انہوں نے لیبیا اور دیگر عرب و مسلم ممالک سے کہا ہے کہ وہ اس رپورٹ پر اقوام متحدہ میں کھلی سماعت کا مطالبہ کریں تا کہ اسرائیل کے جنگی جرائم کو بے نقاب کیا جا سکے-