ایران کے صدر محمود احمدی نژاد نے کہا ہے کہ اسرائیل میں ایران پر حملہ کرنے کی جرات نہیں ہے۔ اگر ایسا ہوا تو ایران کا جواب فیصلہ کن ہوگا ۔ایک عرب ٹی وی کے ساتھ خصوصی انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ ایران کے خلاف فوجی کارروائی کی جرات رکھنے کے حوالے سے صہیونی ریاست کی حیثیت بہت کم ہے ۔ ان کے خیال میں ایران پر حملہ نہیں ہوگا، لیکن اگر ایسا ہوا تو ایران کا رد عمل ایسا فیصلہ کن ہوگا کہ حملہ آور فریق کو ایران پر حملے کے بارے میں صرف سوچنے پر ہی سخت شرمندگی کا احساس ہوگا ۔ ڈاکٹر احمدی نژاد نے جمعہ کو الجزیزہ ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ایران اپنی سرزمین پرحملہ کرنے والوں کو منہ توڑجواب دیے گا۔ انہوں نے کہا کہ صیہونی حکومت ایران پرحملہ کرنے کی جرات نہیں رکھتی اور اس حکومت کی اب مشرق وسطی میں کوئي حیثیت نہیں رہی ہے۔ صدر جناب احمدی نژاد نے کہا کہ خلیج فارس کےعلاقے میں اسلامی جمہوریہ ایران کے برادر اور دوست ممالک ایران کے خلاف فوجی حملے کے لئے اپنی سرزمیں استعمال کرنے کی اجازت نہیں دیں گے۔ انھوں نے کہا کہ علاقے کے ملکوں کے حکام دشمنوں کی سازشوں سے آگاہ ہیں اور امریکہ اور صہیونی ریاست کی حالیہ دھمکیوں کا ھدف ایران اور اس کے ہمسایہ ملکوں میں کشیدگي پیدا کرنا ہے۔