مقبوضہ بیت المقدس میں حرم قدسی کے اردگرد سخت سیکیورٹی کے باوجود ایک لاکھ سے زائد فرزندان توحید نے مسجد اقصی میں دوسرے جمعہ المبارک کی نماز باجماعت ادا کی۔ ایک دن بعد مسلمانوں کے قبلہ اول کو نذر آتش کرنے کی مذموم کوشش کی 41 ویں برسی منائی جائے گی۔ مرکز اطلاعات فلسطین کے ذرائع نے مقبوضہ بیت المقدس سے بتایا ہے کہ فلسطینی مسلمانوں نے اسرائیلی پابندیوں کو توڑتے ہوئے مسجد اقصی کا رخ کیا۔ تقریبا ایک لاکھ فلسطینی مسلمان پولیس اور فوج کے ناکے توڑ کر مسجد اقصی کے میدان تک پہنچنے میں کامیاب ہو گئے، جہاں ایک بڑی تعداد نے سخت گرمی میں کڑی دھوپ میں حق عبودیت نبھایا۔ اسرائیل نے اعلان کر رکھا تھا کہ جمعہ کے روز پرانے القدس شہر اور مسجد اقصی کو جانے والے تمام راستے بند رہیں گے۔ اس طرح گذشتہ جمعے جاری کردہ احکامات کا اطلاق اس جمعہ بھی نماز ادائی کے لئے آنے والوں پر ہو گا۔ مغربی کنارے سے پینتالیس سال سے کم عمر افراد کو بیت المقدس داخلے کی اجازت نہیں ہو گی۔