اسرائیلی فوج نے مغربی کنارے کے ضلع الخلیل سے 07 فلسطینیوں کو اغوا کر لیا، اغوا شدہ فلسطینیوں میں ایک خاتون بھی شامل ہے جسے ایک چیک پوسٹ پر حراست میں لیا گیا۔ مقامی ذرائع کے مطابق اسرائیلی قابض فوجیوں نے آیات ابو مرخیہ نامی خاتون کو ’’تل الرمیدہ‘‘ کالونی میں ایک چیک پوسٹ پر روک کر گرفتار کر لیا اور پھر اسے ’’کریات اربع‘‘ نامی غاصب یہودی آبادی کے پولیس اسٹیشن میں منتقل کر دیا۔ دوسری طرف شہر کے جنوبی علاقے یطا میں سے تین فلسطینی شہری صہیونی فوج کے ہتھے چڑھ گئے جن کے نام محمد جنیدی، اشرف عزات اور رافت عزات ہیں، علاوہ ازیں بیت عوا سے محمود مسالمہ اور عروب کیمپ سے عنان محمد جوابرہ بھی اغوا کر لیے گئے۔ ذرائع کے مطابق شہر کے شمالی علاقے بیت امر سے امیر سمیر ابو عیاش نامی فلسطینی کو گرفتار کر لیا گیا، ابو عیاش پولی ٹیکنیک یونیورسٹی آف فلسطین کا طالب علم تھا۔ دوسری جانب اسرائیلی فوج نے الخلیل کے شمالی علاقے حلحول کے داخلی راستے پر ایک چیک پوسٹ قائم کر لی ہے جس پر شہر میں آنے جانے والی شہریوں کی گاڑیوں کو روک کر تفتیش کی جا رہی ہے۔