فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان اسلام آباد،لاہور،پشاور،کوئٹہ سمیت کراچی میں بین الاقوامی فلسطین کانفرنسز منعقد کرے گی۔فلسطینی عوام سے اظہار یکجہتی ہمارا شرعی اور اخلاقی فریضہ ہے،کوتاہی نہیں کر سکتے،ملک کی تمام سیاسی و مذہبی جماعتیں ماہ رمضان المبارک میں مسئلہ فلسطین کی اہمیت کو اجاگرکرنے او ر مظلوم فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی کے لئے خصوصی پروگرام منعقد کریں۔ان خیالات کا اظہار فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان کے مرکزی ترجمان صابر کربلائی نے فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان(پی ایل ایف )کی سینٹرل ورکنگ کمیٹی کے اجلاس سے خطاب کے دوارن کیا۔انہوں نے کہا کہ مسئلہ فلسطین صرف کسی ایک قوم ،کسی ایک مذہب،کسی ایک نسل یا کسی ایک قبیلہ سے تعلق رکھنے والوں کا مسئلہ نہیں ہے بلکہ مسئلہ فلسطین عالم انسانیت کا مسئلہ ہے جس کے لئے دنیا بھر کی غیور قوموں کو چاہئیے کہ جس حد تک ممکن ہو فلسطینی عوام سے اظہار یکجہتی اور غاصب صہیونی ریاست اسرائیل سے نفرت کا اظہار کریں۔
مرکزی ترجمان فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان کا کہنا تھا کہ فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان (پی ایل ایف)نے ماہ رمضان المبار میں قبلہ اول بیت المقدس و مسجد اقصیٰ کی آزادی او ر فلسطین کے مظلوم اور نہتے عوام سے اظہار یکجہتی کے لئے ملک بھر میں بین الاقوامی فلسطین کانفرنسز بعنوان ”محصور اہل فلسطین اور ان کی پکار” منعقد کرنے کا فیصلہ کیا ہے،بین الاقوامی فلسطین کانفرنسز وفاقی دارلحکومت اسلام آباد،لاہور،پشاور،کوئٹہ سمیت کراچی میں منعقد کی جائیں گی جس میں ملک کی سیاسی و مذہبی جماعتوں کے مرکزی قائدین ،میاں رضا ربانی،،مشاہد حسین سید،راجہ ظفر الحق ،لیاقت بلوچ ،سید غوث علی شاہ،،صاحبزادہ ابولخیر،علامہ عباس کمیلی،علامہ ناصر عباس جبکہ نواب زادہ طلال اکبر بگٹی،ڈاکٹر عبد لحئی بلوچ،کمانڈر خداداد،عبد المتین اخونزادہ،عثمان کاکڑ ،قدوس ساسولی کے علاوہ علامہ مقصود ڈومکی اور معروف تجزیہ نگار منصور جعفر شرکت کریں گے اور خطاب کریں گے ۔واضح رہے کہ کراچی میں منعقد ہونے والی بین الاقوامی فلسطین کانفرنس میں اسلامی تحریک مزاحمت حماس کے مرکزی رہنما لبنان سے ویڈیو کانفرنس کے ذریعے خطاب کریں گے جبکہ کوئٹہ میں اسلامی تحریک مزاحمت حماس کے رہنما ڈاکٹر اسامہ حمدان ٹیلی فونک خطاب کریں گے۔اجلاس میں پی ایل ایف کی سینٹرل ورکنگ کمیٹی کے اراکین نے فلسطین فاؤنڈیشن کے زیر اہتمام منعقد ہونے والی بین الاقوامی فلسطین کانفرنسز کے انتظامات کا جائزہ لیا اور پروگرامات کو حتمی شکل دی ۔اس موقع پر فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان کی سینٹرل ورکنگ کمیٹی کے اراکین میں علی احمر،ذیشان حیدر،مظفر فاروقی،یاسر اقبال،فخر عباسی،عبد العلیم،ذنیر صدیقی،مرزا نعمان اور مجتبیٰ قادری کے علاوہ دیگر بھی شریک تھے۔