لیبیا نے غزہ جنگ کے متعلق گولڈ سٹون رپورٹ پر بحث کے لیے سلامتی کونسل کا ہنگامی اجلاس طلب کرنے کا مطالبہ کیا ہے- اقوام متحدہ میں لیبیا کے مستقل نمائندے عبد الرحمان شلقم نے عرب سٹیلائٹ چینل الجزیرہ کو بیان میں کہا کہ ان کا ملک اس موضوع کو بین الاقوامی مجلسوں میں زیر بحث لانا چاہتا ہے- لیبیا نے ہنگامی اجلاس کے لیے درخواست سلامتی کونسل کے موجودہ سربراہ ویت نام کو پہنچا دی ہے- عبد الرحمان شلقم نے کہا کہ اس موضوع پر بحث کے لیے سلامتی کونسل کمیٹی تشکیل دے سکتی ہے- انہوں نے مزید کہا کہ رپورٹ کو پیش کرنے کے لیے عالمی انسانی حقوق کے اگلے اجلاس کا انتظار نہیں کیا جا سکتا جو آئندہ برس مارچ میں منعقد ہوگا- واضح رہے کہ انسانی حقوق کمیشن میں قرارداد کی منظوری کے بعد مسئلے کو براہ راست عالمی عدالت لے جایا جاسکتا ہے-