فلسطینی مجلس قانون ساز کے سپیکر ڈاکٹر عزیز دویک نے صدر محمود عباس کی جانب سے اقوام متحدہ میں گولڈ سٹون رپورٹ پر بحث رکوانے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ صدر اپنی آٓئینی حیثیت کھو چکے ہیں، وہ جلد ازجلد اپنے عہدے سے مستعفی ہو جائیں۔ منگل کے روزرام اللہ میں ایک ٹی وی انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ گولڈ سٹون کی رپورٹ پراقوام متحدہ میں مخالفت کے بعد محمود عباس صدارت کی اہلیت کھو چکے ہیں، لہٰذا میں ان سے فوری استعفے کا مطالبہ کرتا ہوں۔ انہوں نے عرب لیگ کے جنرل سیکرٹری عمرو موسیٰ سے مطالبہ کیا کہ وہ ہنگامی بنیادوں پرایک کمیٹی تشکیل دیں جس کے تحت فلسطینی اتھارٹی کے آئینی کردار کو قومی مفادات اور امنگوں کے مطابق ڈھالا جاسکے۔ ڈاکٹرعزیز دویک نے اقوام متحدہ سے مطالبہ کیا کہ وہ گولڈ سٹون کی رپورٹ پر بحث میں تاخیر کی سفارش کالعدم قرار دیتے ہوئے رپورٹ پر فوری کارروائی شروع کرے۔ ان کا کہنا تھا کہ عالمی ادارے کو فلسطین میں انسانی حقوق کی پامالی کی جانب توجہ دینا ہوگی، کسی ایک فریق کی جانب سے پوری قوم پرہونے والے مظالم کے معاملے کومعاف نہیں کیا جا سکتا۔