غزہ – (مرکزاطلاعات فلسطین فاؤنڈیشن) قابض اسرائیلی حکام نے اتوار کی شام غزہ کی پٹی سے تعلق رکھنے والے37 قیدیوں کو رہا کر دیا جن میں ایک خاتون بھی شامل ہیں۔
ریڈ کراس کی بین الاقوامی کمیٹی نے رہا ہونے والے قیدیوں کو کرم أبو سالم گزرگاہ کے راستے ناصر ہسپتال منتقل کیا، یہ عمل کمیٹی کی طرف سے سہولت فراہم کرنے اور منظم کیے جانے کے بعد انجام پایا۔
کمیٹی نے واضح کیا کہ اس نے سنہ 2023ء سے لے کر اب تک اس طریقے سے ڈھائی ہزار سے زائد رہا ہونے والے قیدیوں کی منتقلی میں آسانی پیدا کی ہے، اسی کے ساتھ اس بات کی تأکید کی کہ اسے اکتوبر سنہ 2023ء سے اسرائیلی حراستی مراکز کے اندر موجود قیدیوں تک رسائی سے بدستور محروم رکھا جا رہا ہے۔
کمیٹی نے قابض حکام سے اپنا یہ مطالبہ دہرایا کہ انہیں تمام قیدیوں کے انجام اور ان کے ٹھکانوں کے بارے میں مطلع کیا جائے، اس کی ٹیموں کو ان سے ملاقات کرنے اور ان کے حالات کا جائزہ لینے کی اجازت دی جائے۔
کمیٹی نے اس بات پر زور دیا کہ بین الاقوامی انسانی قانون اس بات کا تقاضا کرتا ہے کہ قیدیوں کے ساتھ انسانی سلوک کیا جائے، ان کے لیے مناسب حراستی حالات فراہم کیے جائیں، اور اس بات کو یقینی بنایا جائے کہ وہ اپنے اہل خانہ کے ساتھ رابطے کرنے کی طاقت رکھتے ہوں، جو ان کی صحت اور سلامتی کے بارے میں شدید تشویش کی حالت میں زندگی گزار رہے ہیں۔
