مقبوضہ بیت المقدس – (مرکزاطلاعات فلسطین فاؤنڈیشن) یہودی آباد کاروں نے مقبوضہ بیت المقدس کے پرانے شہر میں واقع آرمینیائی گرجا گھر پر حملہ کیا، جو شہر میں مسیحی مقدس مقامات کو نشانہ بنانے والا ایک اور نیا حملہ ہے۔
القدس گورنری نے بتایا کہ یہودی آباد کاروں کے ایک گروہ نے آرمینیا ئی گرجا گھر پر حملہ کیا اور اس کے دروازے پر پتھراؤ کیا، اس کے علاوہ گرجا گھر کے دروازوں پر اجتماعی طور پر تھوکنے کی گھناؤنی حرکت بھی کی۔
منظر عام پر آنے والی ویڈیو فوٹیج میں یہودی آباد کاروں کو آرمینیا کے گرجا گھر پر پتھراؤ کرتے اور حملے کے دوران اس کے دروازوں پر تھوکتے ہوئے دکھایا گیا۔
مقبوضہ بیت المقدس میں موجود گرجا گھروں اور مسیحی مقدس مقامات کو انتہا پسند یہودی آباد کاروں کی طرف سے بار بار ہونے والے حملوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے، اس کے علاوہ قابض اسرائیلی افواج کی طرف سے بھی خلاف ورزیاں کی جاتی ہیں۔
