غزہ – (مرکزاطلاعات فلسطین فاؤنڈیشن) غزہ میں وزارتِ صحت نے اعلان کیا کہ گذشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران پٹی کے ہسپتالوں میں 6 شہداء اور 34 زخمی لائے گئے ہیں۔
وزارت نے اپنی روزانہ کی شماریاتی رپورٹ میں واضح کیا کہ شہداء چار نئے شہداء، پہلے لگنے والے زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جامِ شہادت نوش کرنے والے ایک شہید اور ملبے تلے سے نکالے جانے والے ایک شہید کی لاش پر مشتمل تھے۔
وزارت صحت نے اس بات پر زور دہا کہ ایمبولینس اور شہری دفاع کے عملے کی طرف سے ان تک رسائی حاصل کرنے سے قاصر رہنے کی وجہ سے اب بھی متعدد متاثرین ملبے کے نیچے، سڑکوں پر اور ہدف بنائے جانے والے علاقوں میں موجود ہیں۔
رپورٹ میں بتایا گیا کہ گذشتہ 11 اکتوبر کو جنگ بندی کے فیصلے کے نفاذ کے بعد سے اب تک شہداء کی مجموعی تعداد 1214 تک پہنچ چکی ہے، جبکہ زخمیوں کی تعداد بڑھ کر 3977 ہو گئی ہے، اس کے علاوہ 804 شہداء کی لاشیں ملبے سے نکالی گئی ہیں۔
وزارت صحت نے مزید بتایا کہ سات اکتوبر 2023 سے غزہ پر جاری اسرائیلی جارحیت کے نتیجے میں شہداء اور زخمیوں کی مجموعی تعداد بڑھ کر 73,341 شہداء اور 174,086 مختلف نوعیت کے زخمیوں تک پہنچ گئی ہے۔
