غزہ – (مرکزاطلاعات فلسطین فاؤنڈیشن) طبی ذرائع نے تصدیق کی ہے کہ قابض اسرائیلی فوج کی جانب سے علاج کے لیے منتقل کرنے سے روکنے کے نتیجے میں ایک شیر خوار بچہ شہید ہو گیا ہے۔ بچے کو دیر عمار کے دروازے سے گزرنے نہیں دیا گیا، جسے قابض فوج نے پانچ ماہ سے بند کر رکھا ہے۔
ہمارے نامہ نگار نے اطلاع دی ہے کہ چار ماہ کا بچہ احمد معروف زید اس وقت شہید ہوا جب قابض فوج نے اسے دیر عمار کے گیٹ سے گزرنے سے روک دیا۔ بچے کی حالت تشویشناک تھی اور وہ شدید علالت کا شکار تھا، تاہم قابض فوج کی جانب سے راستے کی بندش کے باعث وہ بروقت ہسپتال نہ پہنچ سکا اور دم توڑ گیا۔
فلسطینی سرکاری اعداد و شمار کے مطابق آٹھ اکتوبر سنہ 2023ء سے مغربی کنارے میں قابض صہیونی فوج اور یہودی آباد کاروں کی جانب سے جارحیت میں تیزی آئی ہے، جس کے نتیجے میں اب تک 1175 فلسطینی شہید، 12 ہزار 919 زخمی، تقریباً 24 ہزار گرفتار اور 33 ہزار افراد بے گھر ہو چکے ہیں۔
