غزہ – (مرکزاطلاعات فلسطین فاؤنڈیشن) قابض اسرائیلی حکام نے غزہ کے سات اسیران کو رہا کر دیا ہے، جو قابض صہیونی عقوبت خانوں میں مختلف مدتیں قید کاٹنے کے بعد رہا ہوئے ہیں۔
ہمارے نامہ نگار کی اطلاع کے مطابق رہا ہونے والے اسیران ریڈ کراس کی ٹیموں کے ذریعے قطاع کے وسطی شہر دیر البلح میں واقع شہداء الاقصیٰ ہسپتال پہنچ گئے۔
ریڈ کراس نے تصدیق کی ہے کہ انہوں نے ساتوں اسیران کی رہائی کے عمل میں سہولت فراہم کی اور انہیں ضروری طبی اور انسانی طریقہ کار مکمل کرنے کے لیے ہسپتال منتقل کیا ہے۔
یہ رہائی ایسے وقت میں عمل میں آئی ہے جب قابض حکام وقفے وقفے سے غزہ کے قیدیوں کی محدود تعداد کو رہا کر رہے ہیں، جبکہ ان میں سے کئی پر قابض صہیونی عقوبت خانوں کے اندر قید کے ظالمانہ حالات کے نتیجے میں تھکاوٹ، تشدد اور بدسلوکی کے واضح آثار دیکھے جا سکتے ہیں۔
اسیران اور سابق اسیران کے امور کی اتھارٹی اور کلب برائے اسیران کے اعداد و شمار کے مطابق قابض صہیونی عقوبت خانوں میں فلسطینی اسیران کی تعداد 9 ہزار 600 سے تجاوز کر گئی ہے، جن میں غزہ کے تقریباً 1 ہزار 250 ایسے قیدی شامل ہیں جنہیں قابض حکام نام نہاد ’غیر قانونی جنگجو‘ کے زمرے میں رکھتے ہیں، اس کے علاوہ 90 خواتین اسیران اور تقریباً 350 بچے بھی اسیران میں شامل ہیں۔
