تل ابیب (مرکزاطلاعات فلسطین فاؤنڈیشن) اسرائیلی وزیر دفاع اسرائیل کاتز نے کہا ہے کہ اسرائیلی فوج جنوبی لبنان سمیت دیگر “سیکیورٹی زونز” سے کسی صورت انخلا نہیں کرے گی اور وہاں اپنی موجودگی برقرار رکھے گی۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق اسرائیلی وزیر دفاع نے اپنے پہلے سرکاری بیان میں کہا کہ وزیراعظم نیتن یاہو کے ساتھ مل کر ایک واضح پالیسی پر عمل کیا جا رہا ہے جس کے تحت اسرائیلی فوج (IDF) لبنان، شام اور غزہ میں نام نہاد سیکیورٹی زونز میں غیر معینہ مدت تک موجود رہے گی۔
انہوں نے کہا کہ ان علاقوں کو مقامی آبادی سے خالی کرایا جائے گا اور “تمام مزاحمتی ڈھانچوں” کو، زیرِ زمین اور زمین کے اوپر، مکمل طور پر تباہ کیا جائے گا۔
اسرائیلی وزیر دفاع کے مطابق ان کے بقول سیکیورٹی زونز پر قبضہ جنگ میں ایک بڑی کامیابی ہے، اسی لیے اسرائیل کسی دباؤ کے باوجود لبنان سے انخلا کے حق میں نہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ یہ مؤقف امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سمیت اعلیٰ امریکی حکام کو بھی واضح کیا جا چکا ہے۔
کاتز نے دھمکی دیتے ہوئے کہا کہ اگر ایران نے لبنان میں پیش آنے والے واقعات کے جواب میں اسرائیل پر حملہ کیا تو “پورے زور سے جواب دیا جائے گا”۔
اسرائیلی اخبار یدیعوت احرونوت کے مطابق نیتن یاہو نے امریکی صدر ٹرمپ کو بتایا ہے کہ اسرائیل امریکہ اور ایران کے درمیان طے پانے والے معاہدے کی شرائط کا پابند نہیں ہوگا اور لبنان سے انخلا نہیں کرے گا۔
اخبار کے مطابق اسرائیلی قیادت نے یہ بھی مؤقف اختیار کیا ہے کہ فوج اپنی موجودہ پوزیشنز پر برقرار رہے گی اور حزب اللہ کی کسی بھی کارروائی کا بھرپور جواب دیا جائے گا۔