مقبوضہ مغربی کنارہ – (مرکزاطلاعات فلسطین فاؤنڈیشن) غاصب صہیونی دشمن کی قابض فوج نے گذشتہ رات مقبوضہ مغربی کنارے کے مختلف شہروں اور قصبوں میں وحشیانہ دہم و چھاپہ مار کارروائیوں اور گرفتاریوں کی ایک وسیع مہم چلائی ہے۔ صہیونی فورسز نے 30 سے زائد فلسطینی شہریوں کو اغوا کر کے گرفتار کر لیا ہے جن میں یونیورسٹی کی چار طالبات اور متعدد سابق اسیران بھی شامل ہیں جبکہ گرفتاریوں کی یہ ظالمانہ مہم زیادہ تر طولکرم اور نابلس کے اضلاع میں مرکوز رہی۔
طولکرم سے ہمارے نامہ نگار نے بتایا کہ قابض اسرائیل کی افواج نے 13 فلسطینی شہریوں کو گرفتار کیا ہے جن میں عدنان الحصری، محمود صعیدی، احمد حمدان، محمد سعید شلبايہ اور رجائی العموری جیسے سابق اسیران شامل ہیں۔
اس کے ساتھ ہی قابض فوج نے عتیل قصبے سے نہاد سلیم اور یوسف شلبی، ارتاح کے علاقے سے علاء شاہین، نور شمس کیمپ سے اسید عارف جبکہ علار قصبے سے یزن جعار اور عبادہ شدید کو حراست میں لے لیا۔ علاوہ ازیں طولکرم شہر سے استاد علاء عبد الہادی کو بھی گرفتار کر لیا گیا۔
طولکرم شہر کے ہی محلے صوانہ سے قابض فوج کے ایک سفاک خصوصی دستے نے کارروائی کرتے ہوئے سابق اسیر عبد اللطیف نافع حمدان کو اغوا کیا۔
نابلس میں غاصب صہیونی فورسز نے شہر کے جنوب مغرب میں واقع گاؤں صرہ پر دھاوا بولا اور فلسطینیوں کے گھروں میں گھس کر توڑ پھوڑ اور تلاشی لینے کے بعد نو شہریوں کو گرفتار کر لیا۔ گرفتار ہونے والوں میں یامن خالد ابو حسین، زبید سعود ترابی، محمد نبیل غانم، حلمی ایمن، کریم مہند غانم، ایمن وصفی ترابی، خلیل وصفی ترابی، محمد اکرم ترابی اور کریم منذر ترابی شامل ہیں۔
قابض فوج نے نابلس شہر کے جنوب میں واقع قصبے بیتا سے طاہر سماعنہ کو حراست میں لیا جبکہ مغربی حصے میں واقع نیو نابلس محلے پر چھاپے کے دوران سابق اسیر اسامہ حلاوہ کی گاڑی کو زبردستی ضبط کر لیا۔
رام اللہ اور البیرہ میں قابض اسرائیل کی فورسز نے گھروں پر وحشیانہ چھاپوں اور تلاشی کے بعد یونیورسٹی کی چار طالبات کو گرفتار کر لیا۔ ان طالبات میں بیرزیت یونیورسٹی کی نتالی ابو دیہ، جولان ابو عواد اور سما صافی شامل ہیں جبکہ بیتونیا قصبے سے طالبہ لیلیٰ نائل خلیل کو اغوا کیا گیا۔
رام اللہ کے شمال مغرب میں واقع دیہات ابو شخیدم سے دو نوجوانوں اور دیر ابو مشعل سے ایک نوجوان کو ان کے خاندانی گھروں پر شب خون مارنے اور تلاشی لینے کے بعد حراست میں لیا گیا۔
الخلیل میں بھی غاصب صہیونی فوج نے چار نوجوانوں کو گرفتار کیا جن میں العروب کیمپ سے محمود ہانی ابو غازی اور عمار نضال ابو غازی جبکہ الخلیل کے شمال میں واقع قصبے بیت امر سے غازی فوزی ابو عیاش اور معاذ عزیزہ شامل ہیں۔
دوسری جانب اسیران میڈیا آفس نے اپنے ایک بیان میں تصدیق کی ہے کہ قابض اسرائیل فلسطینی معاشرے کے تمام طبقات کو روزانہ کی بنیاد پر بڑھتے ہوئے گرفتاریوں کے ہتھکنڈوں کے ذریعے نشانہ بنا رہا ہے، جس کے تحت آج یونیورسٹی کی طالبات، سابق اسیران اور نوجوانوں کو مختلف اضلاع سے اغوا کیا گیا تاکہ مظلوم فلسطینی عوام کے خلاف جاری جبر و تشدد اور سفاکیت کے دائرے کو مزید وسیع کیا جا سکے۔
میڈیا آفس نے اس بات پر سخت زور دیا کہ یہ مجرمانہ پالیسی غاصب صہیونی حکام کی طرف سے روا رکھے جانے والے اجتماعی عذاب کے اس بدترین مہم کا حصہ ہے جو وہ فلسطینیوں پر ڈھا رہے ہیں۔ انہوں نے انسانی حقوق کی عالمی تنظیموں سے پرزور مطالبہ کیا کہ وہ فلسطینی اسیران اور نظر بندوں کے خلاف ہونے والی ان مسلسل پامالیوں پر اپنی انسانی اور اخلاقی ذمہ داریاں پوری کریں۔
