فلسطینی “لائرز فار جسٹس” انسانی حقوق کے گروپ کا کہنا ہے کہ اس نے اس سال کے آغاز سے اب تک گرفتاری اور سمن کے 500 سے زائد کیسوں کا ریکارڈ تیار کیا ہے۔
حریہ نیوز کے مطابق گروپ نے ایک بیان میں مزید کہا کہ سیاسی گرفتاریوں اور سکیورٹی پراسیکیوشن انسانی حقوق کی مزید خلاف ورزیوں کا تسلسل ہے۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ اس ماہ کے آغاز سے مقبوضہ مغربی کنارے میں فلسطینی اتھارٹی کی سکیورٹی سروسزکی طرف سے گرفتاریوں اور سمن میں اضافہ ہوا ہے۔
انسانی حقوق گروپ نے گرفتاریوں اور سمن کی مہم کو روکنے کی ضرورت پر زور دیا اور کسی بھی سیاسی سرگرمی میں حصہ لینے یا ان کی سیاسی وابستگی کی وجہ سے گرفتار کیے گئے تمام قیدیوں کی فوری رہائی کا مطالبہ کیا۔
گروپ نے سیاسی قیدیوں کے ساتھ کی جانے والی تحقیقات کی نوعیت کے بارے میں خبردار کیا جو فلسطینی بنیادی قانون کے تحت ضمانت اور بنیادی آئینی حق کی خلاف ورزی ہے۔
گذشتہ بدھ کی شام فلسطینی اتھارٹی کی سکیورٹی سروسز نے زخمی براء موسیٰ ازحیمان جو عرین الاسود مزاحمت کاروں میں سے ایک ہیں کونابلس کے عرب اسپیشلسٹ اسپتال پر حملہ کرنے کے بعد گرفتار کیا جب وہ اسپتال میں زیر علاج تھے۔ زخمی قیدی کو عباس ملیشیا نے جنید جیل منتقل کر دیا ہے۔