فلسطینی وزارت امور اسیران نے بتایا ہے کہ قابض اسرائیل کی جیلوں میں زیر حراست ہزاروں فلسطینیوں میں 32 ایسے اسیران بھی شامل ہیں جو ایک چوتھائی صدی صہیونی حراست گاہوں میں گذار چکے ہیں.
فلسطینی وزارت اسیران کے میڈیا ڈائریکٹر ریاض الاشقر نے اپنے ایک بیان میں بتایا کہ غزہ سے تعلق رکھنے والے اسیر محمد الھادی الحسنی، سلفیت کے توفیق ابراھیم محمدعبداللہ اور مصطفیٰ محمود قرعوش بھی ان قیدیوں کی فہرست میں شامل ہو گئے ہیں جو اپنی عمرکی 25 بہاریں صہیونی جیلوں کی نذر کر چکے ہیں. ان تین قیدیوں کی ربع صدی جیل میں گذارنے والے قیدیوں میں شمولیت کے بعد ان کی تعداد انتیس سے بڑھ کر 32 ہو گئی ہے.
خیال رہے کہ اسرائیلی جیلوں میں مجموعی طورپر اب بھی کم وبیش سات ہزار فلسطینی زیرحراست ہیں. ان میں ایک بڑی تعداد ایسے قیدیوں کی بھی ہے جنہیں کئی کئی مرتبہ عمر قید کی سزائیں سنائی گئی ہیں.