یہودی آبادکاروں نے مغربی کنارے کے تاریخی شہر الخلیل میں فلسطینیوں کے پانی کے ذخائر پر قبضے کے لیے ایک نئے اور بڑے تالاب کی تعمیر شروع کی ہے. مرکزاطلاعات فلسطین کے ذرائع کے مطابق مغربی کنارے کے جنوبی شہر الخلیل میں بدھ کے روز سیکڑوں یہودی آبادکاروں نے “البقعہ” کے علاقے میں تالاب کی تعمیر کام شروع کیا. یہودی آبادکار اپنے ساتھ سیمنٹ، ریت، بجری، لکڑی اور پانی کو جمع کرنے سے متعلق دیگرضروری سامان بھی ساتھ لائے. دوسری جانب فلسطینی خبررساں ایجنسی “الصفا” کی رپورٹ کے مطابق یہودی آبادکاروں نے جہاں کنوئیں کی تعمیر شروع کی ہے وہ جگہ عبدالجواد جابر نامی فلسطینی شہری کی ملکیت ہے اور وہاں پر اس کے زرعی کھیت بھی ہیں. رپورٹ کے مطابق اسرائیلی آبادکار بقعہ کی زرعی زمین پر قبضے کے لیے کوششیں کر رہے ہیں اور یہاں پر تالاب کی تعمیر کے پس پردہ بھی یہی سازش کارفرما ہے. ادھر دوسری جانب یہودی آبادکاروں کی بڑھتی ہوئی کارروائیوں کے باعث شہریوں میں شدید خوف ہراس پایا جاتا ہے.