اسرائیلی میڈیا ذرائع کے مطابق ہزاروں غاصب صہیونیوں نے مغربی کنارے کے شہر الخلیل میں مسجد ابراھیمی کے قریب اپنا بڑا اکھٹ منعقد کیا۔ یہ تقریب صہیونی حکومت کی جانب سے مسجد ابراہیمی کو ’’یہودی مقام‘‘ قرار دینے کے فیصلے پر اظہار مسرت کے لئے منعقد کی گئی تھی۔
اسرائیلی ریڈیو نے اپنے شام کے نشریئے میں بتایا کہ تقریب کا انعقاد کرنے والے غاصب یہودی، صہیونی پارلیمان کی لابی برائے اسرائیل سے وابستہ ارکان کنیسٹ کو تعریفی اسناد سے نوازیں گے۔ یہ تعریفی اسناد مسجد ابراھیمی کو یہودی ورثہ قرار دلوانے کے سلسلے میں ان کی خدمات کے اعتراف کے طور پر دی جائیں گی۔
اسرائیلی فوجیوں نے یہودیوں کو ایسٹر منانے میں سہولت فراہم کرنے کی خاطر دوسرے دن بھی مسجد میں نمازیوں کا داخلہ بند رکھا۔ بڑی تعداد میں صہیونی فوجیوں نے مسجد کے اردگرد اور قریبی عمارتوں میں مورچے سنبھال رکھے ہیں۔ گھر گھر تلاشی اور چھاپوں کا سلسلہ جاری ہے۔ مسجد کو آنے والے تمام بڑے راستے بند کر دیئے گئے ہیں۔