مقبوضہ بیت المقدس میں فلسطینیوں اور غاصب یہودیوں کے درمیان منگل کے روز جھڑپوں کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔
یہ جھڑپیں پرانی بلدیہ کی القرمی کالونی میں ہوئیں۔عینی شاھدوں کا کہنا ہے کہ یہودی آباد کاروں نے کالونی میں رہائش پذیر متعدد فلسطینیوں کے گھروں کی کھڑکیوں کو آگ لگا دی جس کے بعد اہل القرمی اور غاصب یہودیوں کے درمیان لڑائی شروع ہو گئی۔
انہوں نے بتایا کہ یہودی آباد کاروں نے اسرائیلی فوج کی نگرانی میں فلسطینیوں کے گھر نذر آتش کرنا شروع کئے۔ حملہ آور دھمکیاں دے رہے تھے کہ اگر اہل علاقہ نے مزاحمت کی کوشش کی تو وہ القرمی کالونی کا جلا کر خاکستر کر دیں گے۔
اس موقع پر لگائی گئی آگ کو بھجانے کے لئے فائر بریگیڈ کی گاڑیاں تاخیر سے پہنچیں۔ یاد رہے کہ القرمی کالونی مقبوضہ بیت المقدس کے فصیلی شہر کے السریا اور عقبہ الخالدیہ کے علاقوں کو آپس میں ملاتی ہے۔ غاصب یہودی کئی سالوں سے یہاں پر آباد فلسطینیوں کی جائیدادوں پر قبضہ کے لئے کوشاں ہیں۔