کراچی (فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان کے مرکزی سرپرست اراکین نے کہا ہے کہ ۲۹ نومبر عالمی یوم یکجہتی فلسطین کے عنوان سے فلسطینی عوام سے اظہار یکجہتی کے لئے بھرپور مہم کا آغاز کیا جائے گا۔
فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان کی سرپرست کمیٹی کا اہم اجلاس ہفتہ اور اتوار کی درمیانی شب کو مرکزی سیکرٹیریٹ میں منعقد ہوا جس میں اراکین سرپرست کمیٹی بشمول سابق رکن سندھ اسمبلی میجر (ر) قمر عباس، پاکستان تحریک انصاف کے سینئر رہنما اسرار عباسی، پاکستان مسلم لیگ نواز کے رہنما پیرزادہ ازہر علی ہمدانی، عوامی نیشنل پارٹی کے رہنما یونس بونیری، معروف سماجی رہنما بشیر سدوزئی اور فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان کے سیکرٹری جنرل ڈاکٹر صابر ابو مریم سمیت ورکنگ کمیٹی کے اراکین مختار علی، قاسم خان اور دیگر شریک ہوئے۔
رہنماؤں کا کہنا تھا کہ معاشرے میں فلسطین اور کشمیر جیسے اہم مسائل کے لئے آگہی فراہم کرنا وقت کی اہم ترین ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ فلسطین میں اسرائیل جیسی جعلی ریاست کو وجود میں لانا دنیا میں نا انصافی اور لاقانونیت کی سب سے بڑی مثال ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اسرائیل کا وجود عالمی ضمیر کے منہ پر طمانچہ ہے۔
فلسطینی ستر سال سے اپنے حقوق سے محروم ہیں اور انسانی حقوق کے دعویدار حکمران اور حکومتیں اسرائیل کی غاصب ریاست کی حمایت میں سرگرم عمل ہے۔ انہوں نے عالم اسلام کے اتحاد اور یکجہتی کے فروغ کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ مسلم دنیا کو متحد ہو کر فلسطین کے لئے عملی جدوجہد کرنا ہو گی۔ فلسطین اور کشمیر جیسے مسائل کا حل خطہ اور عالمی امن کے لئے ناگزیر ہے۔
اس موقع پر یکجہتی فلسطین مہم کو حتمی شکل دی گئی اور باقاعدہ پروگرام کا اعلان ایک مشترکہ پریس کانفرنس کے ذریعہ کرنے پر اتفاق کیا گیا ۔