یورپی یونین کی مندوب برائے خارجہ امور کیتھرین آشٹن نے کہا ہے کہ وہ جلد قاہرہ کا دورہ کر رہی ہیں جہاں وہ اسلام پسند جماعت اخوان المسلمون کے ساتھ باضابطہ طور پر مذاکرات کریں گی. انہوں نے مصری فوج پر زور دیا کہ وہ جلد ازجلد ملک میں صدارتی انتخابات کی تیاری کرے. مرکز اطلاعات فلسطین کےمطابق جرمن اخبار”دیر شپیگل” کو انٹرویو دیتے ہوئے یورپی یونین کمیشن کی اہلکار کا کہنا تھا کہ یورپ قطعی طور پر یہ نہیں چاہے گا کہ مصر میں حکومت اورسیاسی قیادت کا خلا رہے. اس کے لیےسب سے بڑی ذمہ داری فوج کی ہے وہ جلد ازجلد ملک میں انتخابات کی تاریخ کا اعلان کرے تاکہ ملک کو کسی دوسرے انقلاب سے بچایا جا سکے. ایک سوال کےجواب میں مسز کیتھرین کا کہنا تھا کہ مصر میں تمام سیاسی جماعتوں کو برابر کی نمائندگی دی جانے چاہیے جو ان کا جمہوری حق ہے. اخوان المسلمون کے بارے میں سوال پر انہوں نے کہا کہ وہ سمجھتی ہیں کہ اخوان المسلمون مصر کی ایک اہم جماعت ہے، اس کو نظرانداز کر کے مسائل حل نہیں کیے جا سکتے. انتخابی عمل میں اسے بھی شریک کیا جاناچاہیے. کیتھرین نے کہا کہ وہ جلد ہی مصرکا دورہ کرنے کا پروگرام بنا رہی ہیں جہاں وہ اخوان المسلمون کی قیادت سے باضابطہ مذاکرات کریں گی. انہوں نے کہا کہ مصرمیں انتقال اقتدار کا مرحلہ چند ہفتوں یا مہینوں سے زیادہ نہیں ہونا چاہیے، انتخابات میں جتنی تاخیر ہوگی عوام کے لیے مشکلات میں اتنا ہی اضافہ ہو گا.