فلسطینی مجلس قانون ساز کے اسپیکر ڈاکٹرعزیز دویک نے یورپی پارلیمان سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ غزہ میں اسرائیل کی طرف سے مسلط معاشی ناکہ بندی ختم کرنے میں فلسطینی عوام کی مدد کریں۔ مغربی کنارے کے دورے پرآئے یورپی اراکین پارلیمنٹ سے بدھ کے روز ملاقات کے دوران عزیز دویک نے کہا کہ وہ یورپی پارلیمان کی جانب سے فلسطینی عوام کی مدد کے سلسلے میں اٹھآئے گئے اقدامات کو پسندیدگی کی نظر سے دیکھتے ہیں۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے فلسطینی مجلس قانون ساز کے اسپیکر نے یورپی اراکین پارلیمان کو فلسطینی اراکین مجلس قانون ساز کو اسرائیل کی جانب سے درپیش مشکلات سے آگاہ کیا، انہوں نے کہا کہ اسرائیل ایک سوچی سمجھی ساز کے تحت فلسطینی مجلس قانون ساز کے نظام کو معطل کرنا چاہتا ہے، اس سلسلے میں قابض اسرائیل نے کئی وزراء اور اراکین مجلس قانون ساز کو جیلوں میں بند کر رکھا ہے جبکہ باہر موجود اراکین اور وزراء کو مسلسل دھمکیوں کا سامنا ہے، جس سے مجلس قانون ساز کی آئینی ذمہ داریوں کی ادائیگی میں مشکلات پیش آ رہی ہیں۔ انہوں نے یورپی پارلیمان کے منتخب نمائندوں سے مطالبہ کیا کہ غزہ میں اسرائیل کی جانب سے مسلط معاشی ناکہ بندی کے خاتمے کے لیے کوششیں تیز کریں اور اس ضمن میں انسانی حقوق کے ان اداروں کے ساتھ کھل کر تعاون کریں جو غزہ کی معاشی ناکہ بندی کے اثرات کم کرنے کے لیے کوشاں ہیں۔ اس موقع پرفلسطینی مجلس قانون ساز کے رکن ڈاکٹر عبدالرزاق نے بھی مجلس قانون ساز کو درپیش مشکلات سے یورپی اراکین کو آگاہ کیا۔