صعدہ – (مرکزاطلاعات فلسطین فاؤنڈیشن) یمن کے شمالی صوبہ صعدہ میں جمعہ کے روز لاکھوں افراد پر مشتمل ایک عظیم الشان عوامی مظاہرہ منعقد ہوا، جس میں غزہ کی پٹی کے نہتے مگر ثابت قدم فلسطینی عوام کے ساتھ بھرپور یکجہتی اور ان کی نصرت کے عزم کا اعادہ کیا گیا، جبکہ ایران کے ساتھ سیاسی و مزاحمتی ہم آہنگی کا بھی اعلان سامنے آیا۔
یہ عظیم عوامی اجتماع ایسے وقت میں منعقد ہوا جب قابض اسرائیل کی جانب سے غزہ اور مقبوضہ مغربی کنارے میں سفاکیت کا سلسلہ بدستور جاری ہے اور پوری امت مسلمہ اضطراب و بے چینی کی کیفیت سے گزر رہی ہے۔
یہ ملین مارچ مظاہرہ جماعت “انصار اللہ” کی جانب سے اس کے سربراہ عبد الملک الحوثی کی اپیل پر منعقد کیا گیا۔ ریلی کا مرکزی نعرہ “فلسطینی عوام کی پکار پر لبیک… ثابت قدم اور آئندہ مرحلے کے لیے تیار” رکھا gیا تھا۔
یمنی ذرائع ابلاغ خصوصاً المسیرہ چینل کے مطابق اس مظاہرے میں شریک عوام نے نہ صرف فلسطینی عوام سے عملی وابستگی کا اظہار کیا بلکہ خطے میں جاری مزاحمتی محاذ کی مکمل تائید بھی کی۔
مظاہرے کے دوران شرکاء نے یمن اور فلسطین کے پرچم بلند کر رکھے تھے۔ فضا فلک شگاف نعروں سے گونجتی رہی جو غزہ کے مظلوموں کے ساتھ قلبی ربط اور عملی نصرت کے عزم کی عکاسی کر رہے تھے۔
یہ نعرے اس امر کی علامت تھے کہ یمنی عوام فلسطین کے قضیے کو محض سیاسی مسئلہ نہیں بلکہ دینی، اخلاقی اور انسانی فریضہ سمجھتے ہیں۔
ملین مارچ سے خطاب میں مقررین نے کہا کہ ہم اپنے بھائیوں کو غزہ اور پورے فلسطین میں یہ پیغام دیتے ہیں اور ایران کے اپنے بھائیوں کو بھی کہ آئندہ کسی بھی معرکے میں تم تنہا نہیں ہو گے۔ ہم تمہارے ساتھ کھڑے ہیں یہاں تک کہ فتح حاصل ہو جائے۔
جماعت انصار اللہ کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے میں قابض اسرائیل کے خلاف آئندہ مرحلے کی کسی بھی ممکنہ محاذ آرائی کے لیے مکمل تیاری کا اعلان کیا گیا۔
بیان میں واضح کیا گیا کہ خطے کے عوام پر کسی بھی قسم کی بالادستی یا تسلط کو قبول نہیں کیا جائے گا۔
انصار اللہ نے صعدہ کے عوام کے غیر متزلزل مؤقف کو دہراتے ہوئے کہا کہ یمنی عوام فلسطینی عوام اور ان کی مزاحمت کے ساتھ ثابت قدمی سے کھڑے ہیں، اور خطے کی تمام مزاحمتی قوتوں سے یکجہتی جاری رکھیں گے۔
