فلسطین کی آئینی حکومت کے وزیر اعظم اسماعیل ھنیہ نے کہا ہے کہ فلسطینی قوم بے مثال ثابت قدمی اور اولوالعزمی کے ذریعے قابض اسرائیل کی فلسطینیوں کو بیدخل کرنے اور فلسطین کو یہودی شناخت دینے کی پالیسیاں ناکام بنا دے گی۔ انہوں نے زور دے کر کہا کہ ان کی حکومت فلسطینی مسئلے کو عرب اور اسلامی دنیا میں دوبارہ زندہ کرنے کے لیے کوشاں ہے۔ بدھ کے روزغزہ کے عہدیداروں اور نمایاں شخصیات سے ملاقات کے دوران انہوں نے کہا کہ فلسطینی قوم کو ان کے حق واپسی سے دستبردار کرنا کسی کے لیے ممکن نہیں۔ انہوں نے کہا کہ ان کی حکومت اسرائیلی تسلط کو تسلیم نہیں کرتی اور ایک دن پورے فلسطین پر ان کی حکومت ہو گی۔ ھنیہ نے کہا کہ فلسطینی قوم کے اندر یہ اہلیت موجود ہے کہ وہ ہر طرح کی سازشوں کے باوجود اپنے گھر کی چابی نسل در نسل منتقل کرتے چلے جائیں۔ اور کسی ہر طرح کے لالچ کے باوجود اپے حقوق سے دستبردار نہ ہوں۔ اس موقع پر انہوں نے اسرائیل کی جانب سے یہودی آباد کاری اور القدس کو یہودیانے کی کارروائیاں جاری رکھنے کے باوجود اس کے ساتھ مذاکرات کی میز پر بیٹھنے والوں کی سخت مذمت کی ۔