مقبوضہ فلسطین میں اسلامی مقدسات کے محافظ ادارے ’’اقصی فاؤنڈیشن‘‘ نے مسجد اقصی کے مشرق میں یہودیوں کے زمین خریدنے کے منصوبے سے متنبہ کیا ہے- اقصی فاؤنڈیشن کی طرف سے جاری بیان کے مطابق صہیونی جماعتیں اور ڈیلر مسجد اقصی کے مشرق میں راس العمود محلے کے فلیٹس کی فروخت اس ’’لوگو‘‘ کے ساتھ کررہے ہیں کہ راس العمود میں مکان خریدیے اور ہر وقت ھیکل سلیمانی کو اپنے سامنے پائیے- یعنی مسجد اقصی کی جگہ ھیکل سلیمانی کی تعمیر جلد ہوگی- ڈیلروں کی طرف سے شائع پمفلٹ میں فلیٹ کا منظر اس طرح دکھایا گیا ہے کہ وہ مسجد اقصی کے بالکل سامنے ہے- پمفلٹ میں اشتہار دیا گیا ہے ’’قدرتی مناظر کے درمیان شاندار فلیٹس، جس سے براہ راست ھیکل سلیمانی نظر آتا ہے، ھیکل سلیمانی کے بالمقابل اور دیوار گریہ سے پندرہ منٹ واک کے فاصلے پر معالیے ھزیتیم آبادی میں‘‘ اقصی فاؤنڈیشن کے مطابق اشتہار کو صہیونی جماعتوں کی جانب سے بڑی پذیرائی حاصل ہوئی ہے- اس اشتہار کے حوالے سے مختلف ویب سائٹس پر مختلف بیانات جاری کیے گئے جس میں کہا گیا ہے کہ یہ اشتہار حوصلہ افزا ہے اور ھیکل سلیمانی کی تعمیر کی طرف ایک مثبت قدم ہے-