اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کمیٹی کی جانب سے غزہ میں دوران جنگ جنگی جرائم کے ارتکاب سے متعلق تیار کردہ گولڈ سٹون کی رپورٹ پر رواں سال کے آخر میں بحث کا فیصلہ کیا ہے۔ پیر کے روز جنیوا میں جنرل اسمبلی کے ترجمان “جیان فیکٹور کنولو” نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ جنرل اسمبلی کے سربراہ علی التریکی کے پاس گولڈ سٹون کی رپورٹ پہنچ چکی ہے، رپورٹ میں رواں سال کے شروع میں اسرائیل کے غزہ پر حملے کے دوران انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کی تفصیلات موجود ہیں اور رپورٹ کی روشنی میں انسانی حقوق کمیٹی نے جنرل اسمبلی سے اسرائیل کے خلاف کارروائی کی سفارش کی ہے۔ ترجمان نے کہا کہ جنرل اسمبلی رواں سال کےآخر میں اس رپورٹ پربحث کرے گی۔ کنولو نے کہا کہ جنرل اسمبلی کے چیئرمین علی التریکی گولڈ سٹون رپورٹ پر کارروائی کے لیے مقامی جماعتوں اور پیشہ ورانہ ماہرین سے مشاورت کے بعد رپورٹ پرغور کی حتمی تاریخ کا اعلان کریں گے۔ دوسری جانب اقوام متحدہ کے ایک سینئر اہلکار نے کویتی خبر رساںادارے کو انٹرویو میں کہا ہے کہ جنرل اسمبلی میں آنے والی گولڈ سٹون کی رپورٹ پر عالمی ادارہ ترجیحی بنیادوں پر کام کرے گا، کیونکہ اقوام متحدہ میں یہ رپورٹ انسانی حقوق کے حوالے سے سب سے اہم حیثیت رکھتی ہے۔