گلگت(مرکزاطلاعات فلسطین فاؤنڈیشن) جمعۃ الوداع کے موقع پر عالمی یومِ القدس کے حوالے سے پاکستان کے شہر گلگت میں بھی عظیم الشان آزادیٔ القدس ریلی کا انعقاد کیا گیا۔ قائد ملت جعفریہ گلگت بلتستان آقائے سید راحت حسین الحسینی کی سرپرستی میں نکالی جانے والی یہ ریلی مرکزی امامیہ جامع مسجد گلگت سے برآمد ہوئی اور مختلف راستوں سے ہوتی ہوئی کیپٹن ضمیر عباس چوک پہنچی، جہاں ایک بڑے عوامی اجتماع کی شکل اختیار کر گئی۔
ریلی میں شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی اور مظلوم فلسطینی عوام کے ساتھ بھرپور اظہارِ یکجہتی کیا۔ شرکاء نے ہاتھوں میں فلسطینی پرچم، بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر فلسطین کی آزادی اور مسجدِ اقصیٰ کے تحفظ کے حق میں نعرے درج تھے۔ مظاہرین نے امریکہ اور اسرائیل کی پالیسیوں کے خلاف شدید احتجاج کرتے ہوئے ان کے خلاف نعرے بازی کی۔
اجتماع سے اہلِ سنت والجماعت اور جماعتِ اسلامی گلگت کے امیر سمیت مختلف مکاتبِ فکر سے تعلق رکھنے والے علمائے کرام نے خطاب کیا۔ مقررین نے اپنے خطابات میں کہا کہ فلسطینی عوام کئی دہائیوں سے ظلم و جبر کا سامنا کر رہے ہیں اور امتِ مسلمہ پر لازم ہے کہ وہ ان کی حمایت میں متحد ہو کر آواز بلند کرے۔ انہوں نے کہا کہ عالمی یومِ القدس کا مقصد دنیا بھر میں فلسطینی عوام کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرنا اور قبلۂ اول مسجدِ اقصیٰ کی آزادی کے لیے جدوجہد کو مزید مضبوط بنانا ہے۔
اجتماع میں رہبرِ معظم سید علی خامنہای سے منسوب حالیہ واقعات پر گہرے دکھ و غم کا اظہار بھی کیا گیا، جبکہ قیادت کے تسلسل اور اتحادِ امت کے عزم کے تحت مصطفیٰ خامنہای کی حمایت کا اعلان کیا گیا۔ ریلی کے اختتام پر فلسطین کی آزادی، امتِ مسلمہ کے اتحاد اور مظلوم فلسطینی عوام کی کامیابی کے لیے خصوصی دعا کی گئی۔
