کوئٹہ (فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) بلوچستان کے صوبائی دارالحکومت کوئٹہ میں آزادی القدس کانفرنس کا انعقاد کیا گیا ۔ کانفرنس کا انعقاد فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان بلوچستان شیلٹر کی جانب سے کیا گیا تھا ۔ کانفرنس سے مختلف سیاسی و مذہبی جماعتوں کے قائدین نے خطاب کیا ۔
فلسطین نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مقررین کا کہنا تھا کہ کوئٹہ یوم القدس کے عظیم شہداء نے فلسطین قبلہ اول بیت المقدس اور مسجد اقصی کی آزادی کے لئے اپنے مقدس لہو کا نذرانہ پیش کیا، ان کا لہو نوید آزادی فلسطین ثابت ہو گا۔ ان کا کہنا تھا کہ بعض عرب اور مسلم حکمرانوں نے فلسطین اور قبلہ اول کا سودا کردیا ہے۔ اسلامی ممالک کی 75 لاکھ فوج ہے مگر وہ فلسطین و کشمیر کے مظلوم مسلمانوں کو دشمن کے مظالم سے نجات نہیں دلا سکتے ہیں۔برطانوی سامراج نے دھوکے سے یہودیوں کو فلسطین لا کر آباد کیا۔ آزادی فلسطین و کشمیر کی تحریک کی بھرپور حمایت کرتے ہیں۔
کانفرنس سے مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی رہنما علامہ مقصود علی ڈومکی، بلوچستان نیشنل پارٹی کے قائم مقام سربراہ ملک عبدالولی کاکڑ جبکہ اعزازی مہمان امیر جماعت اسلامی بلوچستان مولانا عبدالحق ہاشمی اور ایم پی اے میر اکبر مینگل تھے۔ کانفرنس سے بلوچ قوم پرست رہنما سینٹر میر مہیم خان بلوچ ، ملی یکجہتی کونسل کے صوبائی رہنما اقتدار احمد خان ، جمعیت علماء اسلام کے رہنما ممتاز صحافی و کالم نگار امان اللہ شادیزئی ، مجلس وحدت مسلمین بلوچستان کے ڈپٹی سیکریٹری جنرل علامہ ولایت حسین جعفری ، شیعہ علماء کونسل کے صوبائی صدر علامہ اکبر حسین زاھدی، سنی سپریم کونسل بلوچستان کے صدر پیر سید حبیب شاہ چشتی ، جمعیت علماء اسلام کے رہنما مفتی سعید قاری نقیب اللہ مینگل قاری عبدالحفیظ آغا سہیل اکبر شیرازی مولانا عبدالحمید منصوری، ڈاکٹر محمد رمضان ہزارہ مبارک علی ہزارہ و دیگر نے خطاب کیا۔