فلسطینی حکومت نے ڈیموں کو بغیر پیشگی اطلاع کھولے جانے کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے غزہ کے عوام کے خلاف ایک سازش قرار دیا ہے۔ غزہ میں پیر کے روز فلسطینی حکومت کے ڈپٹی اسپیکر ڈاکٹر احمد بحر نے ڈیموں کے کھولے جانے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ اسرائیل دانستہ طور پر غزہ کے شہریوں کو مشکلا ت سے دو چار کرنا چاہتا ہے۔ غزہ کے گرد ڈیموں کے کھولے جانے کا مقصد شہریوں کو پانی میں ڈبو کرمارنا ہے۔ اپبے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ بغیر اطلاع کے ڈیموں کے دروازے کھولنا انسانیت کے خلاف ایک جرم ہے جس کے ارتکاب پر اسرائیل سے جواب طلب کیا جانا چاہیے۔ ڈاکٹر بحر نے کہا کہ ڈیموں کا بغیر پیشگی اطلاع کھولنا غزہ پراسرائیل کی مسلط معاشی ناکہ بندی اور جارحیت کے تسلسل کا حصہ ہے۔ انہوں نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ اسرائیل کے فلسطین دشمن اقدامات کا نوٹس لے۔