مقبوضہ فلسطین سے ملنے والی اطلاعات میں کہا گیا ہے کہ بیت القدس کے قدیم شہر میں ایک چرچ کے اندر مقدس مزار کے قریب ایک سیاح کو پولیس اہلکار نے گولی مار کر زخمی کر دیا۔
اسرائیلی پولیس نے دعویٰ کیا ہے کہ زخمی شخص کے پاس ایک چاقو تھا اور اس نے ایک پولیس اہلکار پر حملے کی کوشش کی۔ اس منظر کو دیکھ کر دوسرا پولیس اہلکار مشتعل ہو گیا اور اس نے سیاح پر فائر کھول دیا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ پولیس نے اس شخص پر قابو پانے کی کوشش کی لیکن اس نے وہاں پرموجود افراد پر حملہ کرکےانہیں زخمی کر دیا۔
پولیس حکام نے مذکورہ سیاح کی شناخت بتانے سے گریز کیا تاہم گولیاں اس کی چھاتی اور اس کے پیٹ میں لگی ہیں اور اسے فوری طور پر شدید زخمی حالت میں ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں اس کی سرجری کی گئی تاہم ریڈیو اسرائیل کے مطابق اس کی حالت ابھی بھی نازک ہے۔