پولینڈ میں گرفتار اسرائیلی خفیہ ایجنسی “موساد” کے ایجنٹ کو جرمنی حوالے کرنے سے متعلق مقدمہ کی کارروائی شروع ہو گئی ہے، موساد کے زیرحراست ایجنٹ پر رواں سال کے شروع دبئی میں حماس کے راہنماء محمود المبحوح کے قتل کے منصوبے میں جرمنی کے جعلی پاسپورٹ کے استعمال کے الزام کے تحت مقدمہ قائم کیا گیا ہے . پولینڈ کے دارالحکومت وارسو میں قائم عدالت کے ترجمان “فویزیچ مالیک” نے پیر کی شام اپنے ایک بیان میں کہا کہ موساد کے زیرحراست ایجنٹ کے خلاف مقدمہ کی کارروائی شروع ہو چکی ہے تاہم یہ معلوم نہیں کہ عدالت اس کیس کو کتنا جلد نمٹاتی ہے، آیا موساد کے ایجنٹ کو جلد جرمنی کے حوالے کرنے کے احکامات جاری کر دیے جائیں گے یا مقدمہ کی کوئی نئی تاریخ دے دی جائے گی. واضح رہے کہ رواں سال انیس جنوری کو دبئی کے ایک ہوٹل میں قیام پذیراسلامی تحریک مزاحمت۔ حماس کے ملٹری ونگ القسام بریگیڈ کے سابق کمانڈر محمود المبحوح کو موساد کے بیرون ملک کام کرنے والے یونٹ کے ایجنٹوں نے مختلف یورپی ممالک کے جعلی پاسپورٹ کے ذریعےشہید کر دیا تھا،جس کے بعد دبئی پولیس کی تحقیقات میں 26 اسرائیلی ایجنٹوں کو ان کے قتل کا ذمہ دار قرار دیا گیا تھا، انہی میں ایک اسرائیلی شہری کو پولینڈ پہنچنے پر جرمنی کی درخواست پر ایک ماہ قبل حراست میں لیا گیا، جس پر جرمنی کا جعلی پاسپورٹ استعمال کرنے کےالزام کے تحت وارسو کی ایک عدالت میں مقدمہ چل رہا ہے