پشاور (مرکزاطلاعات فلسطین فاؤنڈیشن) عالمی یومِ القدس کے موقع پر دیگر شہروں کی طرح پاکستان کے شہر پشاور میں بھی آزادیٔ القدس ریلی کا انعقاد کیا گیا۔ ریلی میں شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی اور مظلوم فلسطینی عوام کے ساتھ بھرپور اظہارِ یکجہتی کیا۔
شرکاء نے ہاتھوں میں بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر فلسطین کی آزادی اور مسجدِ اقصیٰ کے تحفظ کے حق میں نعرے درج تھے۔ ریلی کے شرکاء نے امریکہ اور اسرائیل کی پالیسیوں کے خلاف شدید احتجاج کرتے ہوئے ان سے نفرت اور بیزاری کا اظہار کیا۔
مقررین نے اپنے خطاب میں کہا کہ فلسطینی عوام کئی دہائیوں سے ظلم و جبر کا سامنا کر رہے ہیں اور امتِ مسلمہ پر لازم ہے کہ وہ ان کی حمایت میں آواز بلند کرے۔ انہوں نے کہا کہ عالمی یومِ القدس کا مقصد دنیا بھر میں فلسطینی عوام کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرنا اور قبلۂ اول مسجدِ اقصیٰ کی آزادی کے لیے جدوجہد کو مزید مضبوط بنانا ہے۔
ریلی کے اختتام پر امریکہ و اسرائیل کے پرچم نزرِ آتش کئے گئے اور فلسطین کی آزادی، امتِ مسلمہ کے اتحاد اور مظلوم فلسطینی عوام کی کامیابی کے لیے خصوصی دعا بھی کی گئی۔
