کراچی ( فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان کے تحت فلسطینیوں کے اکتالیسویں یوم ارض کے موقع پر یکجہتی فلسطین کانفرنس کا انعقاد آرٹس کونسل میں کیا گیا، کانفرنس میں سیاسی و مذہبی جماعتوں کے قائدین ، سول سوسائٹی کے اراکین نے شرکت کی اور یوم ارض فلسطین کے موقع پر مظلوم فلسطینیوں کی سیاسی و اخلاقی حمایت جاری رکھنے کا اعلان کیا، کانفرنس کے مقررین میں پاکستان پیپلز پارٹی کے سینیٹر کریم احمد خواجہ ،پاکستان تحریک انصاف کے رکن قومی اسمبلی ڈاکٹر عارف علوی، پاکستان مسلم لیگ نواز کے ازہر علی ہمدانی، متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے رکن سندھ اسمبلی قمر عباس،جمعیت علماء پاکستان کے مرکزی صدر صاحبزادہ ابو الخیر محمد ذبیر، چرچ آف پاکستان کے سربراہ بشپ صادق ڈینئیل، سابق رکن قومی اسمبلی مظفر ہاشمی، سابق نائب ناظم کراچی اور پاکستان مسلم لیگ (ق) کے رہنماطارق حسن، جماعت اسلامی پاکستان کے نائب امیر اسد اللہ بھٹو،مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی رہنما علامہ احمد اقبال، عوامی نیشنل پارٹی کے رہنما یونس بونیری، سابق مشیر برائے حکومت پاکستان ڈاکٹر عالیہ امام، پاکستان عوامی تحریک کے رہنما مشتاق صدیقی، آل پاکستان سنی تحریک کے سربراہ مطلوب اعوان قادری، موتمر عالم اسلامی کے سربراہ میر نواز خان مروت، کراچی بار ایسوسی ایشن کے صدر نعیم قریشی ، تحریک جوانان پاکستان کے مرکزی صدر ڈاکٹر عرفان اشرف سمیت آئی ایس اوکراچی کے صدر اویس علی، انٹر فیتھ یوتھ فورم کے چیئر مین راؤ ناصر علی، پائیلر کے شجاع قریشی، علامہ عقیل انجم، علامہ قاضی احمد نورانی، اویس ربانی، مولانا باقر زیدی، اسرار عباسی، قاضی زاہد، شیر ولی، غلام مصطفی ، خالد نواز مروت، اتم پرکاش، ڈاکٹر خالد اختر، قیصر اقبال قادری، نعیم شیخ، فرہاد گل، ناصر حسینی، شیر آفریدی، اویس قادری، آغا مظہر، علامہ مبشر حسن اور فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل صابر ابو مریم سمیت دیگر شریک ہوئے اور کانفرنس کے شرکاء سے خطاب کیا۔
مقررین کا کہنا تھا کہ پاکستان کسی بھی طرح مسئلہ فلسطین کو فراموش نہیں کر سکتا ہے اور مسئلہ فلسطین کے دو ریاستی حل کو مسترد کرتے ہیں، فلسطیین فلسطینیوں کا وطن ہے اور اسرائیل ایک غاصب اور جعلی ریاست ہے ، ان کا کہنا تھا کہ ضرورت اس امر کی ہے کہ فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان کی طرح حکومت پاکستان بھی مسئلہ فلسطین کو بنیادی اور اولین ترجیحات میں شامل کرے اور مظلوم فلسطینیوں کی سیاسی و اخلاقی حمایت جاری رکھی جائے۔
کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مقررین کا کہنا تھا کہ پاکستان کی سیاسی ومذہبی جماعتیں اور سول سوسائٹی فلسطینیوں کی اخلاقی و سیاسی حمایت جاری رکھے گی ۔اس موقع پر فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان کی مسئلہ فلسطین کے لئے کی جانے والی کاوشوں کو سراہا گیا ۔ان کا کہنا تھا کہ مسلم دنیا اپنے مسائل اور اختلافات کو بالائے طاق رکھتے ہوئے قبلہ اوّل بیت المقدس کی بازیابی اور فلسطین کی آزاد ی کو اپنی بنیادی ترجیح میں شامل کرے اور فلسطین کی آزادی کے لئے عملی جد وجہد کی جائے۔
یکجہتی فلسطین کانفرنس کے موقع پر فلسطینی عوام پر ڈھائے جانیوالے صیہونی مظالم کو آشکار کرنے کے لئے تصویری نمائش بھی لگائی گئی تھی۔