بیت المقدس – (مرکزاطلاعات فلسطین فاؤنڈیشن) قابض صہیونی پابندیوں کے باوجود دسیوں ہزار فلسطینیوں نے مسجد اقصیٰ اور اس کے وسیع صحنوں میں جمعہ کی نماز ادا کی۔ فلسطینی عوام نے اپنی دینی وابستگی اور تاریخی حق کا عملی اظہار کرتے ہوئے صہیونی جبر کے سامنے ڈٹ جانے کا واضح پیغام دیا۔
صبح کے اوقات سے ہی قابض اسرائیلی فوج نے القدس شہر کے گرد قائم فوجی چوکیوں پر نمازیوں کی آمد کو محدود کرنے کے لیے سخت اقدامات نافذ کر دیے۔ پرانے شہرکے اطراف اور مسجد اقصیٰ کے دروازوں پر آہنی رکاوٹیں کھڑی کی گئیں تاکہ فلسطینیوں کی رسائی کو روکا جا سکے۔
قابض فوج نے درجنوں نوجوانوں کو روک کر ان کی شناختی دستاویزات کی سخت جانچ پڑتال کی اور کئی افراد کو مسجد اقصیٰ تک پہنچنے سے زبردستی روک دیا۔ اس کا مقصد نمازیوں کی تعداد کم کرنا اور مقدس مقام کو فلسطینیوں سے خالی کرانا تھا۔
ان تمام ظالمانہ اقدامات کے باوجود القدس کے باشندوں کی جانب سے مسلسل اپیلیں کی جا رہی ہیں کہ مسجد اقصیٰ اور دیگر اسلامی مقدسات کے دفاع کے لیے فوری اور مؤثر اقدام کیا جائے۔ یہ آوازیں قابض اسرائیل کی روزانہ کی یلغار کے خلاف اٹھ رہی ہیں جن کا ہدف شہر کی عربی اور اسلامی شناخت کو مٹانا اور فلسطینی وجود کو کچلنا ہے۔
