حال ہی میں صہیونی جیل سے رہا ہونے والی فلسطینی خاتون احسان دعابسہ نے دوران اسیری یہودی فوجیوں کی بدسلوکی اور اس کی شرمناک ویڈیو بنانے کے خلاف شدید احتجاج کیا ہے. اس نے جیل میں اپنے ساتھ ہونے والے توہین آمیز سلوک پر صہیونی فوجیوں کے خلاف عدالت میں مقدمہ چلانے کا اعلان کیا ہے.
خیال رہے کہ ایک روز قبل عالمی شہرت یافتہ ویب پورٹل “یوٹیوب” پر جاری ایک مختصر ویڈیو فوٹیج میں یہودی فوجیوں کو ایک خاتون اسیرہ کے سامنے ڈانس کرتے دکھایا گیا تھا. ویڈیو میں موجود فلسطینی خاتون قیدی کے ہاتھ اس کی پیٹھ پیچھے باندھ کر آنکھوں پر پٹی چڑھائی گئی ہے. خاتون کو ایک دیوار کے ساتھ کھڑا کیا گیا ہے اور صہیونی فوجی اس کے سامنے باری باری ڈانس کرتے ہیں. شرمناک ویڈیو کے پس منظر میں مشرقی موسیقی کی دھن چلائی گئی ہے.
مغربی کنارے کے تاریخی شہرالخلیل کے قصبہ نوبا کی 35 سالہ احسان دبابسہ کا کہنا ہے کہ اس نے الجزیرہ ٹی وی پر نشر ہونے والی ویڈیو فوٹیج دیکھی جس پر اسے حددرجہ ہتک محسوس ہوئی. یہودی فوجیوں کی طرف سے اس کے ساتھ ہونے والی بدسلوکی اور اس کی ویڈیو فوٹیج بنا کر اس کی تشہیر پر اسے گہرا صدمہ پہنچا ہے، جس کی وجہ سے وہ رات بھر ایک لمحےکے لیے بھی آرام نہیں کر سکی.
دبابسہ کا کہنا ہے کہ مکروہ کردار کے حامل یہودی فوجیوں نے اس کی ویڈیو بنا کر اپنی اس شرمناک حرکت پر خود کوبے نقاب کر دیا ہے. ویڈیو کے ذریعے اس کی عزت پر ایک اور حملہ کیا گیا ہے، جس پر اسے شدید دکھ ہے. وہ اس مکروہ فعل کی مرتکبین کو معاف نہیں کرے گی اور ان کے خلاف عدالت میں جائے گی.
فلسطینی خاتون کا کہنا ہے کہ وہ جیل میں بھی مظلوم تھی اور اسکے بعد بھی مظلوم ہے.اس نے کہا کہ ویڈیو کے منظرعام پر آنے کے بعد فلسطین میں انسانی حقوق کی ایک تنظیم سے رابطہ کیا گیا ہے، تاکہ واقعے کے مرتکب صہیونی فوجیوں کے خلاف عدالتی کارروائی کی جا سکے.
فلسطینی خاتون کا کہنا تھا کہ قابض اسرائیلی فوج نے اسے 11 ستمبر سنہ 2007ء کو الخلیل سے گرفتار کیا. اس پر جہاد اسلامی کی سرگرمیوں میں حصہ لینے کے الزام میں 22 ماہ کی قید کا حکم دیا گیا. گرفتاری کے بعد اسے یہودی فوجیوں کے ایک گروہ نے ایک کمرے میں بند کر کے اس کے ہاتھ پیٹھ پیچھے باندھ کر اس کی آنکھوں پرایک ڈھیلی سی پٹی چڑھا دی، جس میں سے وہ یہودیوں کی حرکات کو دیکھ سکتی تھی.
اس دوران پس منظر میں مشرقی موسیقی بھی چلائی گئی اور یہودی فوجی اس کی اس بے بسی کی حالت میں اس کی تصاویر اتارنے لگے. اس نے وحشی یہودیوں کو ایسا کرنے سے روکا لیکن انہوں نے نہ صرف اس کی تصاویر اتاریں بلکہ ایک ویڈیو کیمرے کےذریعے اس کی ویڈیو بھی بنائی. اس دوران فوجی اس کے سامنے ایک ایک کر کے ڈانس کرتے اور قہقہے لگاتے رہے.
خیال رہے کہ فلسطینی خاتون کے ساتھ یہودی فوجیوں کی بدسلوکی کی یہ شرمناک ویڈیو اسرائیلی ٹیلی ویژن چینل “ٹی وی 10” پر بھی دکھائی گئی ہے.
فلسطینی خاتون کے ساتھ یہودی فوجیوں کی بدسلوکی کی ویڈیو ایک ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جبکہ کچھ عرصہ قبل ایک ریٹائرڈ صہیونی فوجی خاتون اہلکار کی فیس بک پر شائع تصاویر میں اسے فلسطینی قیدیوں کے ساتھ بدسلوکی کرتے دکھایا گیا تھا.