ترکی کے وزیر اعظم رجب طیب ایردوان نے کہا ہے کہ اسرائیلی وزیر اعظم نیتن یاہو کا بیت المقدس کے بارے میں بیان اور اسے اسرائیل کا دارالخلافہ شمار کرنا ان کے پاگل پن کو واضح کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ انہیں ایسے بیانات دینے سے قبل یہ سوچنا چاہیے کہ فلسطین صرف فلسطینیوں کی سرزمین ہے اور اس پر کسی یہودی کو کوئی حق نہیں ہے اور فلسطینیوں کا حق واپسی ایک مسلمہ حق ہے جس کو کسی قیمت پر بھی جھٹلایا نہیں جا سکتا۔
ہفتہ کے روز عرب سمٹ میں اظہار خیال کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ’’ صہیونی وزراء نے اعلان کیا ہے کہ متحدہ القدس ’’اسرائیل‘‘ کا دارالخلافہ ہے۔ یہ پاگل پن ہے اور ہم اس کی مخالفت کرتے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو کے اس بیان سے واضح ہو گیا ہے کہ وہ کس ذہنیت کےمالک ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ ان کی ہرزہ سرائی سے القدس جل اٹھے گا اور القدس میں لگی آگ کا مطلب ہے کہ فلسطین کا جلنا اور فلسطین میں بھڑکنے والی آگ کی لپیٹ میں پورا مشرق وسطی آئے گا۔