اسرائیل کے وزیر اعظم بنجمن نیتن یاھو نے اردن کے دارالحکومت کا غیر اعلانیہ دورہ کیا ہے جہاں انہوں نے اردن کے کنگ عبداللہ ثانی سے ملاقات کی، اس دوران رام اللہ میں فتح کی حکومت کے ساتھ اسرائیل کے براہ راست مذاکرات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ عبرانی ذرائع ابلاغ نے دوران ملاقات نیتن یاھو کا یہ بیان نقل کیا کہ ’’ امن عمل میں اردن کا کردار انتہائی اہم ہے اور اردن اسرائیل اور فلسطین کے مابین جاری روابط میں اردن ایک اہم عامل ہے۔ اردن رائل کورٹ کی جانب سے جاری کیے گئے بیان میں کہا گیا ہے کہ نیتن یاھو اور کنگ کی ملاقات میں اسرائیل فلسطین کے مابین جاری کشمکش کے حل کے طریقوں پر غور کیا گیا۔ یہ حل دو ملکوں پر مشتمل حل ہے جس میں علاقے کے تمام ملکوں کے استحکام اور سکیورٹی کی بھی ضمانت ہو۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ اردن کے کنگ عبداللہ اور صہیونی وزیراعظم نیتن یاھو نے اپنی ملاقات میں فلسطین کی غیر آئینی حکومت اور اسرائیل کے مابین براہ راست، سنجیدہ اور نتیجہ خیز مذاکرات کے بارے میں تبادلہ خیال کیا گیا، یہ حل ایسا ہو جس میں عالمی قراردادوں پر عمل کے ساتھ ایک آزاد اور خود مختار فلسطینی ریاست کی بھی ضمانت ہو اور جو فلسطینی قوم کو اسرائیلی ریاست کے ساتھ پر امن طریقے سے رہنے کے قابل کردے۔