اسرائیلی وزیراعظم بنجمن نیتن یاھو نے ایک بار پھرغزہ کی پٹی اور لبنان پرحملے کی دھمکی دی ہے. صہیونی وزیراعظم کا کہنا ہے کہ لبنانی سرحد پرفوج کے درمیان جھڑپ کی ذمہ داری بیروت پرعائد ہوتی ہے جبکہ مقبوضہ فلسطین کے علاقے “ایلات ” پر راکٹ حملے حماس نے کیے ہیں. اسرائیلی وزیراعظم کے دفتر سے جاری ان کے ایک بیان میں ان کا کہنا ہے کہ “میں یہ واضح کر دینا چاہتا ہوں کہ ہمارے فوجیوں کے خلاف متشدد کارروائیوں کی ذمہ داری لبنانی حکومت اور حماس پرعائد ہوتی ہے. میں حماس اور لبنان سے کہہ رہا ہوں کہ ہمارے صبر کا امتحان نہ لیں. اسرائیل اپنے ایک ایک شہری اور سپاہی کی جان بچانے کے لئے آخری حد تک جانے کو تیار ہے. دفاع کے معاملے میں کہیں کسی سے کوئی رعایت نہیں رکھی جائے گی” نیتن یاھو نے مزید کہا کہ” اسرائیل کے دفاع سے متعلق پالیسی بالکل واضح ہے ہمارے شہریوں یا فوج پر کہیں سے بھی حملہ ہوا تو ہم اس کا سخت جواب دیں گے”. خیال رہے کہ بنجمن نیتن یاھو کی جانب سے یہ بیان ایک ایسے وقت میں سامنے آئے ہیں جبکہ گذشتہ روز مصر نے بھی الزام عائد کیا تھا کہ دو روز قبل اردنی کی وادی” العقبہ” اور اسرائیلی زیرکنٹرول علاقے”ایلات” میں گرنے والے راکٹ غزہ سے فائر کیے گئے تھے. اور ان کی ذمہ داری غزہ کی مزاحمتی تنظیموں پرعائد ہوتی ہے. دوسری جانب حماس نے اسرائیل اور اردنی علاقوں میں راکٹ حملوں میں ملوث ہونے کی سختی سے تردید کی ہے.