امریکی صدربراک اوباما کے خصوصی امن ایلچی برائے مشرق وسطیٰ جارج میچل نے کہا ہے کہ مغربی کنارے میں متنازعہ یہودی بستیوں کی تعمیر کا تنازع حل کرنے کے لیے فلسطینی صدر محمود عباس اور اسرائیلی وزیراعظم بنجمن نیتن یاھو نے بالواسطہ بات چیت جاری رکھنے پر اتفاق کیا ہے.
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق جارج میچل نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ اسرائیل اور فلسطینی انتظامیہ یہوی بستیوں کی تعمیرکے بحران سے نکلنے کے لیے بالواسطہ بات چیت جاری رکھنے پر تیار ہیں.
ان کا کہنا تھا کہ فریقین کو ایک دوسرے کےقریب لانے اور یہودی بستیوں کے تنازع کے حل کے لیے امریکا اپنی کوششیں جاری رکھے گا. انہوں نے توقع ظاہر کی کہ فریقین جلد براہ راست مذاکرات پر بھی آمادہ ہو جائیں گے اور یہودی بستیوں کی تعمیر کا تنازع بھی حل کر لیا جائے گا.
خیال رہے کہ امریکی مندوب تین روزتک فلسطینی صدر محمود عباس اور اسرائیلی وزیراعظم بنجمن نیتن یاھو کے ساتھ انہیں براہ راست بات چیت جاری رکھنے پرآمادہ کرنے کی کوشش کرتے رہے تاہم یہودی بستیوں کی تعمیرات کے تنازع پر وہ فریقین کو بات چیت جاری رکھنے پر آمادہ نہیں کر سکے. اب وہ مصر اردن اور عرب ممالک کے دیگرراہنماٶں سے ملیں گے تا کہ ان کےذریعے فریقین کو براہ راست مذاکرات پر آمادہ کرانے کے لیے تعاون حاصل کیا جا سکے.