فلسطینی تنظیم ”مزاحمتی کمیٹیز برائے آزادی فلسطین” کے عسکری ونگ ناصر صلاح الدین بریگیڈ نے غزہ میں دراندازی کی کوشش کرنے والی اسرائیلی فوج پر حملہ کر کے اسے پسپائی پر مجبور کردیا۔ ناصر صلاح الدین بریگیڈ کی جانب سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ جمعہ کی شام قابض اسرائیلی فوج نے رفح بارڈر سے غزہ میں داخل ہونے کی کوشش کی۔ اس موقع پر صلاح الدین بریگیڈ کے جانثاروں نے صہیونی فوج پر کم ازکم پانچ راکٹ فائر کیے۔ راکٹ حملوں سے اسرائیلی فوج کی گاڑیوں میں آگ لگ گئی جس کے بعد وہ گاڑیوں کو جلتا ہوا چھوڑ کر واپس چلے گئے۔ دوسری جانب اسرائیلی فوج نے مجاہدین کی جانب سے غزہ کے بارڈر پر شدید مزاحمت اور راکٹ حملوں کی تصدیق کی ہے تاہم، اب تک کی اطلاعات کے مطابق راکٹ حملوں میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ بعد ازاں قابض فوج نے غزہ میں بمباری کرکے کم ازکم دو فلسطینی شہید کر دیے۔